محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے کردار کو مزید مربوط او ربہتر بنایا جائیگا، حکومتی پالیسیوں اور کارکردگی کی بھر پور انداز سے کوریج کی جائیگی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

محکمہ اطلاعات کے افسران سوشل میڈیا کا بھی بھر پور استعمال کریں تاکہ حکومتی کارکردگی، پالیسیوں اور ویژن سے لوگوں کو مسلسل باخبر رکھا جا سکے

ہفتہ 10 دسمبر 2016 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت وایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ اطلاعات کی روز افزوں بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے کردار کو مزید مربوط او ربہتر بنایا جائے گا تاکہ حکومتی پالیسیوں اور کارکردگی کی بھر پور انداز سے کوریج ہو او رلوگ بھی حکومتی پرفارمنس سے آگاہ رہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ اطلاعات میں منعقدہ محکمانہ بریفنگ کے موقع پر اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شاہد اقبال اورمحکمہ اطلاعات کے سیکشنل ہیڈز بھی موجود تھے ۔بریفنگ سیشن کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل ہے جو حکومتی کارکردگی کی موثر ترویج کے ساتھ ساتھ عوامی جذبات واحساسات سے حکومت کو آگاہ بھی رکھتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ محکمہ اطلاعات کے ضلعی دفاتر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور انہیں سہولتیں بھی مہیا کی جائیں گی تا کہ وہ زیادہ بہتر انداز سے حکومتی پبلسٹی کا فریضہ سرانجام دے سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ اطلاعات کے افسران سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کریں تاکہ حکومتی کارکردگی، پالیسیوں اور ویژن سے لوگوں کو مسلسل باخبر رکھا جا سکے ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت میں حالیہ برسوں میں بے پناہ اضافہ ہواہے اس حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر حکومتی کارکردگی سے ناظرین کو مسلسل باخبر رکھا جائے ۔انہوںنے مزید کہاکہ محکمہ اطلاعات کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے صوبائی وزیر کو محکمانہ کارکردگی او رانتظامی ڈھانچہ کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :