Live Updates

عمران خان نہیں جو 3ماہ میں ریلوے ٹھیک کرنے کا دعوی کردوں، سعد رفیق

ریلوے کی 40سال کی تباہی ختم کرنے کیلئے 10برس درکار ہیں،4یا 5سال کے دعوے جھوٹے ہیں، وفاقی وزیر ریلوے ریلوے کی ترقی کیلئے سب کو مزدور بن کر کام کرنا ہو گا ،چار پانچ سال میں سب کچھ ٹھیک کرنے کا کہنا جھوٹ ہے، کامیابی کی منزل نہیں آئی ، ابھی تو صرف ریل کا پہیا چلنا شروع ہوا ہے، لوکو شیڈ کینٹ سٹیشن میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 16:10

عمران خان نہیں جو 3ماہ میں ریلوے ٹھیک کرنے کا دعوی کردوں، سعد رفیق
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ ریلوے کی تباہی 1972 سے شروع ہوئی، جسے دوبارہ ٹھیک کرنے میں 10 سال چاہئیں میں عمران خان نہیں جو ریلوے کا نظام 3 ماہ میں ٹھیک کرنے کا دعوی کردوں۔ریلوے کی ترقی کے لیے سب کو مزدور بن کر کام کرنا ہو گا جو یہ کہتا ہے کہ چار پانچ سال میں سب ٹھیک ہو جائے گا ، سب جھوٹ ہے ۔

کامیابی کی منزل نہیں آئی ۔ ابھی تو صرف ریل کا پہیا چلنا شروع ہوا ہے ۔سارھے تین سال گذر گئے ہیں ساڑھے چھ سال مزید اسی طرح کام کرنا ہو گا۔ ریلوے کی نجکاری کا مخالف ہوں ۔ 2018 سے پہلے ریلوے ملازمین کا سروس اسٹرکچر دے کر جائیں گے ۔کراچی میں30سال پہلے ٹرام چلتی تھی،،کسی کو اس صورتحال کا ذمہ دار نہیں کہوں گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوکراچی میں لوکو شیڈ کینٹ اسٹیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی تباہی کا آغاز 1972 سے شروع ہوا اور 40 سال سے ریلوے زبوں حالی کا شکار ہے اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ 4 سے 5 سال میں سب ٹھیک ہوجائے گا تو سب جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں عمران خان نہیں جو 3 ماہ کے اندر ریلوے ٹھیک کرنے کا دعوی کردوں 40 سال کی تباہی ختم کرنے کیلئے 10 برس درکار ہیں نعروں سے کام نہیں چلتا بلکہ کام کرنے سے بات بنتی ہے سب کو مزدور بن کر کام کرنا ہوگا۔خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ریلوے اب بھی 27 ارب روپے کے خسارے میں ہے، اگر ریلوے ملازمین محنت کرتے تو محکمے کے حالات بہتر ہوتے ہم نے ریلوے کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا چیلنج قبول کیا ہے، 35 کروڑ کی لاگت سے ریلوے کوارٹرز بنارہے ہیں اور ریلوے کا خسارہ بھی بتدریج کم کررہے ہیں۔

2017 کے آخر میں ریلوے سروس اسٹرکچر دے کر جائیں گے۔ اور اگر عوام نے 2018 کے انتخابات میں نواز شریف کو ایک بار پھر منتخب کردیا تو کام کی رفتار دگنی کردیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ سی پیک کا معائنہ کیا تو جو باتیں سن رکھی تھیں ان کے بالکل برعکس دیکھا، سی پیک کو کامیاب کرنا ہے یہ ہمارے بچوں کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکلر ریلوے 20 سال پہلے بننا چاہئے تھا لیکن کسی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی سرکلر ریلوے کے لئے سندھ حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ ریلوے کی تمام ادائیگیاں ریلوے کی آمدن سے پوری کی جا رہی ہیں ۔ریلوے کا پہیہ منزل کی جانب رواں دواں ہے ، جو مزدوروں کے ساتھ زیادتی کرے گا ، اسے سخت سزا ملے گی ۔ ریلوے میں ہر ایک کو اس کا حق ملے گا ۔ کسی کو بلیک میلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کسی کی سفارش نہیں سنیں گے اور نہ ہی سیاسی دباؤ پر ریلوے میں بھرتیاں کی جائیں گی ۔ریلوے کے ریٹائر ملازمین کو بروقت پینشن ادا کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ جو نعرے لگ رہے ہیں ، میاں محمد نواز شریف کے کام کی وجہ سے لگ رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :