ملک کی سب سے بڑی بندر گاہ نے پہلے کنٹینر جہاز اے پی ایل جاپان کے ساتھ اپنے ٹیسٹ آپریشن کا آغاز کردیا

حفاظتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بندرگاہ کے ٹیسٹ آپریشن کیلئے ارادی طور پر چھوٹے کنٹینر جہاز کا انتخاب کیا گیا امید ہے وزیراعظم جنوری کے تیسرے ہفتے میں ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ پی ڈی ڈبلیو سی پی کا باقاعدہ افتتاح کردیں گے ،ْذرائع

ہفتہ 10 دسمبر 2016 14:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ پاکستان ڈیپ واٹر کنٹینر پورٹ (پی ڈی ڈبلیو سی پی) نے پہلے کنٹینر جہاز اے پی ایل جاپان کے ساتھ اپنے ٹیسٹ آپریشن کا آغاز کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ 12 میٹر ڈرافٹ کا اے پی ایل جاپان کنٹینر جہاز جس کی کل لمبائی 262 میٹر ہے ،ْپی ڈی ڈبلیو سی پی جیسی بندرگاہ کیلئے ایک چھوٹا جہاز ہے، جو 18 میٹر ڈرافٹ کے مطابق بنایا گیا ہے اور اس کا آپریشنل ڈرافٹ 16 میٹر ہے۔

کراچی بندرگاہ کے مشرقی حصے کیماڑی میں واقع اس بندرگاہ کی گنجائش اتنی ہے کہ یہ بہت بڑے سائز کے جہاز کو بھی سنبھال سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق اے پی ایل جاپان نے پہلے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل، ویسٹ وہارف کراچی پورٹ پر برآمد شدہ کارگو کے کنٹینر اتارے جس کے بعد وہ پی ڈی ڈبلیو سی پی پر پہنچا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ حفاظتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بندرگاہ کے ٹیسٹ آپریشن کیلئے ارادی طور پر چھوٹے کنٹینر جہاز کا انتخاب کیا گیا۔

ذرائع پرامید ہیں کہ وزیراعظم جنوری کے تیسرے ہفتے میں ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ پی ڈی ڈبلیو سی پی کا باقاعدہ افتتاح کردیں گے۔علاوہ ازیں ٹیسٹ آپریشن میں چھوٹے جہاز کے اس استعمال سے ٹرمینل آپریٹر کو ممکنہ خرابیوں کو جاننے کا موقع بھی میسر آسکا۔بندرگاہ پر پہنچنے والا جہاز جبل علی دبئی کی ایک گہری بندرگاہ سے آیا تھا اور ہفتے کے روز سری لنکا کی کولمبو بندرگاہ کے ذریعے چین روانہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق یہ اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ یہ بندرگاہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں اہم کردار ادا کریگی۔تعمیر کے پہلے مرحلے میں ٹرمینل آپریٹر جنوبی ایشیاء پاکستان ٹرمینل (ایس اے پی ٹی) کی جانب سے برتھ نمبر 3 اور 4 کو تعمیر کیا جاچکا ہے ،ْ برتھ نمبر 1 اور 2 کی تکمیل کا عمل دوسرے مرحلے میں سرانجام دیا جائیگا۔ہانگ کانگ کے ہچی سن پورٹس کی ملکیت اور اس کے تحت کام کرنے والے ٹرمینل آپریٹر ایس اے پی ٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ان کی جانب سے 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، ٹرمینل آپریٹر کیلئے سامان خریدا جاچکا ہے جس میں 5 شپ ٹو شور کرینز شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹرمینل آپریٹر کی جانب سے انتظامی امور، کسٹمز اور کینٹین کے لیے 3 بلڈنگ بلاکس بھی مکمل کیے جاچکے ہیں۔دوسری جانب 28 میگاواٹ پیداوار کی صلاحیت رکھنے والا پاور اسٹیشن بھی تیار ہوچکا ہے۔یہ بندرگاہ سالانہ 3.1 میٹر ٹی ای یوز کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے اسٹوریج یاریڈ میں سالانہ 5 لاکھ 50 ہزار ٹی ای یوز کو جگہ دی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :