نائیجیریا ، خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56ہوگئی، 177افراد زخمی

ہفتہ 10 دسمبر 2016 14:05

نائیجیریا ، خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56ہوگئی، 177افراد ..
ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) نائیجیریا میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56ہوگئی جبکہ 177افراد زخمی ہیں،شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیرین فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مدا گلی کی مرکزی مارکیٹ میں 2 خود کش بمبار خواتین نے اپنے جسموں سے منسلک دھماکا خیز مواد کو زور دار دھماکے سے اڑا یا ہے۔

چیئرمین مداگلی لوکل گورنمنٹ یوسف محمد نے تصدیق کی ہے کہ خودکش دھماکوں میں 56افراد ہلاک اور 177زخمی ہوئے ہیں۔نائیجیرین فوج کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل انھوں نے آپریشن کرکے مذکورہ علاقے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا تھا تاہم اب یہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بوکو حرام نے خود کش دھماکوں کیلئے خواتین کو استعمال کیا ہے اس سے قبل بھی مذکورہ تنظیم اس طرح کے حملوں کیلئے خواتین اور بچوں کو استعمال کرتی رہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ 7 سال سے نائیجیریا میں جاری خانہ جنگی اور مسلح کشیدگی میں اب تک 20000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 26 لاکھ افراد ہجرت پر مجبور کیے گئے۔12 اکتوبر کو نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں ایک خاتون خود کش بمبار نے ٹیکسی میں موجود دھماکا خیز مواد کو ایک مکان کے قریب زور دار دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔11 فروری کو نائیجیریا میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں 60 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے تھے، یہ حملہ بھی خواتین نے کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :