پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ایئرہوسٹس صدف آبائی گاؤں میں سپردخاک

ائیرہوسٹس صدف فاروق کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بجائے ان کے لواحقین نے کی، 47 افراد میں سے 10 افراد کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں، چینی شہری کیانگ کے بھائی کے خون کے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں ، ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کے بعد چینی باشندے کی لاش ان کے ورثا کے حوالے کردی جائے گی ، 2 غیر ملکیوں کی شناخت کا عمل ابھی باقی ہے ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمزاسپتال ڈاکٹر الطاف

ہفتہ 10 دسمبر 2016 13:04

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ایئرہوسٹس صدف آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دی گئیں۔طیارہ حادثہ میں جاں بحق ایئرہوسٹس صدف فاروق کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی علاقے شاہ باغ میں سپرد کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ میں پی آئی اے افسران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحومہ نے سوگواران میں دو بچے اور خاوند چھوڑے ہیں۔ صدف فاروق کی میت کی شناخت گزشتہ رات ان کے خاوند فاروق نے کی جس کے بعد پمز انتظامیہ نے لاش ورثاء کے حوالے کی تھی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمزاسپتال ڈاکٹر الطاف کے مطابق ائیرہوسٹس صدف فاروق کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بجائے ان کے لواحقین نے کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 47 افراد میں سے 10 افراد کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں، چین سے تعلق رکھنے والے ہان کیانگ کے بھائی ہان وی کے خون کے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں اور ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کے بعد چینی باشندے کی لاش ان کے ورثا کے حوالے کردی جائے گی جبکہ دیگر 2 غیر ملکیوں کی شناخت کا عمل ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے جن افراد کے لواحقین کے خون کے نمونہ جات حاصل کرلئے گئے ہیں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل جلد مکمل کرکے میتیں ورثا کے حوالے کردی جائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ مرنے والوں کو اگر ان کے لواحقین نے ڈی این اے کے بغیر ہی شناخت کرلیا تو ان کو ڈی این اے کے بغیر ہی لاشیں دے دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :