پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند کے باعث نظام زندگی مفلوج ، فلائٹ آپریشن متاثر

شدید دھند کے باعث سکول اور دفاتر جانے والوں کو پریشانی کا سامنا، لاہور اور ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند جدہ سے ملتان آنے والی فلائٹ کو کراچی اتار لیا گیا، ملتان سے اسلام آباد جانے والی پرواز منسوخ ، کراچی سے ملتان آنے والی ایئربلیو کی پروازکو واپس بھیج دیا گیا، لاہورایئرپورٹ پر مقامی اور انٹرنیشنل فلائٹس تاخیر کا شکار سفر کرنا ہے تو جی ٹی روڈ کو استعمال کیا جائے،فوگ لائٹس جلا کر کانوائے میں سفر کیا جائے، ترجمان موٹر وے پولیس

ہفتہ 10 دسمبر 2016 11:53

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند کے باعث نظام زندگی مفلوج ، فلائٹ آپریشن ..
لاہور/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ،حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کے بیشتر سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا جب کہ بعض شہروں میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ۔ لاہور، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، قصور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے جب کہ شیخوپورہ، خانیوال، کبیروالا، میاں چنوں، جہانیاں، بورے والا، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہی ۔

شدید دھند کے باعث اسکول اور دفاتر جانے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا رہا جب کہ لاہور اور ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی بند کر دیا گیا ۔ جدہ سے ملتان آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 740 کو دھند کے باعث کراچی کے جناح ٹرمینل پر اتار لیا گیا، ملتان سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو بھی منسوخ کر دیا گیا جب کہ کراچی سے ملتان آنے والی ایئربلیو کی پروازکو بھی واپس بھیج دیا گیا، لاہورایئرپورٹ پربھی مقامی اور انٹرنیشنل فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے کے سیکشن ایم تھری اور گوجرہ تک ایم فورسیکشن کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بندکیا گیا ۔ اس کے علاوہ حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پشاور سے اسلام آباد جانے والے موٹر وے کے برہان انٹر چینج کو بند کیاگیا ۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سفر کرنا ہے تو جی ٹی روڈ کو استعمال کیا جائے اور فوگ لائٹس جلا کر کانوائے کی صورت میں سفر کیا جائے، سفر کے دوران ڈرائیور رفتار کم رکھیں اور کانوائے کی صورت میں سفر کرنے کی کوشش کریں۔