ہالینڈمیں داعش کا جنگجوجہادی مواداور اسلحے سمیت گرفتار

پولیس نے خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر چھاپہ مارکارروائی میں ملزم کو گرفتارکیا،مزیدتفتیش جاری ہے،استغاثہ کی گفتگو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 11:41

ایمسٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) ہالینڈ میں استغاثہ نے کہاہے کہ ملکی پولیس نے ایک ڈچ باشندے کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا ہے۔ شبہ ہے کہ یہ شخص کسی دہشت گردانہ کارروائی کی تیاری میں مصروف تھا۔اس شخص کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران طاقتور ممنوعہ بارودی مواد کے چار ڈبے بھی برآمد ہوئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کی پولیس نے ملکی خفیہ ادارے کی اطلاع پر ایک ایسے تیس سالہ مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے، جس کے پاس بھری ہوئی خودکار رائفل تھی۔

یہ شخص ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں سہ پہر میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اٴْس کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران طاقتور ممنوعہ بارودی مواد کے چار ڈبے بھی برآمد ہوئے۔ اس شخص کے سامان میں سے کئی قسم کے موبائل فونز اور شام اور عراق میں متحرک دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جھنڈے سے ملتاجلتا خاکہ بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

ڈچ دفتر استغاثہ کے مطابق یہ مشتبہ دہشت گرد دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ دفترِ استغاثہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گرفتار شدہ شخص پر کسی دہشت گردانہ کارروائی کی تیاری میں ملوث ہونے کا شبہ ہے تاہم ابھی اس حوالے سے مخصوص تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ مشتبہ شخص کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے اور دو ہفتوں بعد اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔خیال رہے کہ روٹر ڈیم یورپ کی مصروف ترین بندر گاہوں میں سے ایک ہے اور ہالینڈ میں مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر افراد یہاں رہائش پذیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :