وزیراعظم محمد نواز شریف کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت منانے کیلئے تیاریاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں،یہ دن پورے جوش و جذبے اور شاندار طریقے سے منایا جائے گا،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 10:56

وزیراعظم محمد نواز شریف کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت بابائے قوم قائداعظم ..

اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت منانے کیلئے تیاریاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں،یہ دن پورے جوش و جذبے اور شاندار طریقے سے منایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس سال قائداعظم کے یوم ولادت کو یادگار طور پر منانے کیلئے بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرے گی جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ہندوئوں اور برطانیہ کے تسلط سے آزادی دلائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ان تقریبات میں حصہ لیں گے،انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوانوں اور بچوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے کیونکہ عظیم رہنما کے نظریات سے اگلی نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔ اجلاس میں اس حوالے سے گزشتہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت نے قائد کے یوم ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامی اور پروسیجرل امور کے حوالے سے موقع پر فیصلے بھی کئے۔

مریم اورنگزیب نے پوری وفاقی حکومت کو تیاریوں کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام سے کہا کہ تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور وفاقی حکومت کے متعلقہ محکموں کو اس ایونٹ کو انتہائی کامیاب بنانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔