پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا کا دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس،پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے یورپ ظہیر اے جنجوعہ نے کی

ہفتہ 10 دسمبر 2016 10:56

اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا کا دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس سرائیوو میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے یورپ ظہیر اے جنجوعہ نے کی جبکہ بوسنیا کی نمائندگی بوسنیا کی وزارت خارجہ کے دوطرفہ تعلقات کے نائب وزیر عامر کاپٹموی نے کی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا اور اقتصادی، سرمایہ کاری، ثقافتی، تعلیمی اور دفاعی شعبوں میں بالخصوص تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

دونوں ممالک نے اپنے متعلقہ خطوں میں بڑھتی ہوئی امن اور سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ باہمی دلچسپی کے عالمی امور بھی زیر بحث آئے۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی اداروں میں تعاون میں اضافے پر بھی اتفاق کیا اور باقاعدہ بنیادوں پر مشاورت کا فیصلہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ سیشن 2017ء میں اسلام آباد میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :