وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور کا سکھر ڈویژن کے ضلعی مذہبی امن کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:58

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور اور زکوات و عشر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے ڈی سی آفس سکے کے کانفرنس ہال میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کی مذہبی امن کمیٹیوں اور ڈویزن کے انتظامی اور پولیس افسران سے اجلاس کرکے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوراں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا، اجلاس میں ضلعی مذہبی امن کمیٹیوں کے ممبران، علماء کرام، ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور اور زکوات و عشر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح امن امان اور تمام فرقوں کے درمیاں مذہبی ہم آہنگی اور ربھائی چارہ قائم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں جہاں صدیوں سے محبت، امن اور رواداری کا ماحول ہے اس کو برقرار رکھا جائے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اس مرتبہ بھی 17دسمبر کو کراچی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جائیگی، جس میں سکھر کے علماء کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شریک علماء کرام اور ضلع امن کمیٹی کے ممبران نے ربیع الاول کے دوراں امن و امان، صفائی ستھرائی، روشنی اور راستوں کی ناقص صورتحال کے بارے میں نشاندہی کی، جس پر صوبائی معاون خصوصی نے متعلقہ افسران کو مسائل حل کرنے اور انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات دیں ۔ ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ 12ربیع الاول کے پروگراموں کی سکیورٹی سخت کی جائے اور شرپسندوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے، تاکہ اس مقدس ماہ کے تقدس کو برقرار رکھا جاسکے اور کسی کی دل آزاری نہ ہو سکے۔ ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ اور ڈپٹی کمشنرز نے اس موقع پر اپنے علاقوں میں 12ربیع الاول کے پروگراموں اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔