قرآنی خطاطی امت مسلمہ کا قابل قدرورثہ ہے جس کے ذریعے خطاط حضرات کو اپنے فن کے اظہار اور روحانی تسکین کے مواقع حاصل ہوتے ہیں،الٰہی بخش مطیع

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:57

فیصل آباد۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)قرآنی خطاطی امت مسلمہ کا قابل قدرورثہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف خطاط حضرات کو اپنے فن کے اظہار اور روحانی تسکین کے مواقع حاصل ہوتے ہیں بلکہ قرآن پاک کی عظمت کو اجاگرکرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔یہ بات صدارتی ایوارڈ یافتہ محمدالہٰی بخش مطیع نے جشن عید میلادالنبیؐ کی تقریبات کے سلسلے میں فیصل آباد آرٹس کونسل اورنقش آرٹسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے نصرت فتح علی خاں آرٹ گیلری میں قرآنی خطاطی کی گیارہویں سالانہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

واجد محمود یاقوت رقم،حافظ انجم محمود کے علاوہ خطاط حضرات،شائقین اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید بھی موجود تھے۔محمد الہیٰ بخش مطیع نے نمائش کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینہ میں اس نمائش کی شان میں مزیداضافہ ہوجاتا ہے جسے تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمانوں نے نمائش میں رکھے گئے قرآنی خطاطی کے فنپارے دیکھے اور خطاطوں کے خوبصورت اندازاوررنگوں سے قرآنی الفاظ کواجاگر کرنے کے فن کو بے حد داددی۔قبل ازیں نمائش میں حصہ لینے والے مردوخواتین خطاطوں،سکولوں کے مابین خوشخطی کے مقابلے کے پوزیشن ہولڈرز میں اسناد تقسیم کئے گئے۔