بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے متعلقہ ایکٹ پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کیاجائے گا، ڈی سی او

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:57

فیصل آباد۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے متعلقہ ایکٹ پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کیاجائے گااس سلسلے میں کسی بھٹہ پر کوئی بچہ کام کرتاہوا پایا گیا توبھٹہ کامالک یاموقع پر موجود منشی اوربچے کا والد بھی قانون کی زد میں آئے گا۔ڈی سی او سلمان غنی نے ڈسٹرکٹ لیبر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے ایکٹ کی مختلف شقوں کاجائزہ لیا جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر غلام عباس چیمہ،ڈی ایس پی سپیشل برانچ بابرانوار،پولیس اورانٹیلی جنس بیورو کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈی سی او نے بتایا کہ ایکٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر،ڈی پی او،اسسٹنٹ کمشنرز،سب ڈویژنل پولیس آفیسر،محکمہ محنت کے ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوبھٹہ کی انسپکشن کے لئے انسپکٹر کے اختیارات دئیے گئے ہیں جو چائلڈ لیبر میں ملوث بھٹہ کو سیل یا مالک/مینجر/منشی اوربچے کے وارث کو گرفتار اوران کے خلاف مقدمہ کااندراج کراسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ڈی اولیبر سے کہا کہ وہ تحصیل انتظامیہ کو بھٹوں کی فہرست فراہم کریں تاکہ وہ باقاعدگی سے ان کی انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان سے میٹنگ کرکے چائلڈ لیبرایکٹ کے بارے میں اچھی طرح ادراک کرادیا جائے اور انہیں اس غیرقانونی فعل سے اجتناب کرنے کی تاکید کریں ۔اس کے باوجود بازنہ آنے والوں کوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے خبردارکیا کہ ضلع میں کسی بھٹہ پرچائلڈ لیبر کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔اس سلسلے میں تمام انسپکٹرز باقاعدگی سے انسپکشن کویقینی بنائیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکوٹرسے کہا کہ بھٹہ پر چائلڈ لیبر کے مقدمات کی موثرانداز میں پیروی کی جائے اورکیسز کے بارے میں تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ رہیں۔