پرونشیل مینجمنٹ سروس خیبر پختونخواہ کے زیر تربیت افسران کی ٹیم کا مطالعاتی دورہ فیصل آباد

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:49

فیصل آباد۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)پاکستان پرونشیل سروسز اکیڈمی پشاور میں پرونشیل مینجمنٹ سروس خیبر پختونخواہ کے 74 ویں پری سروس کورس میں زیر تربیت افسران کی ٹیم نے فیصل آباد کے مطالعاتی دورہ کے دوران کمشنر آفس میں ڈویژنل کمشنر مومن آغا سے ملاقات کی۔ڈویژنل کمشنر نے 24 رکنی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی تاریخی و ثقافتی اہمیت،زرعی و صنعتی امور،جغرافیائی پہلوئوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر ظہیر احمد اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت اللہ مشتاق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں افسران کی ذمہ داریاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور جہد مسلسل و نیک نیتی سے محکمانہ امور انجام دیگر مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کی ٹیم کو ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور لوکل گورنمنٹ کے انتظامی ڈھانچے،تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں میں ضلعی و علاقائی تعمیر و ترقی کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق چاروں اضلاع میں پائیدار علاقائی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن میں امن و امان اولین ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں ڈویژنل و ضلعی حکومت اور پولیس کے مابین مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔انہوں نے شرکاء کو شہری ترقی کیلئے مستقبل کے پلان سے بھی آگاہ کیا جبکہ ارکان کی طرف سے مختلف شعبوں سے متعلق کئے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیئے۔اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر نے فیصل آباد ڈویژن سے متعلق بریفنگ پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں ڈویژنل کمشنر اوراسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر کے مابین شیلڈز کا بھی تبادلہ ہوا۔