زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نوجوانوں نے آل پاکستان بائی لنگوئل ڈیکلی میشن مقابلہ جیت کر قومی چمپئن ہونے کااعزاز حاصل کر لیا

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:49

فیصل آباد۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نوجوانوں نے آل پاکستان بائی لنگوئل ڈیکلی میشن مقابلہ جیت کر قومی چمپئن ہونے کااعزاز حاصل کر لیا۔ چناب کالج جھنگ میں منعقد ہونے والے آل پاکستان بائی لنگوئل ڈیکلی میشن میںملک کی چالیس یونیورسٹیوں کے طلبہ نے حصہ لیا تھا جس میں یونیورسٹی سے ڈی بیٹنگ کلب کے نوجوان شعیب عزیز اور زبیر خالد نے فائنل رائونڈ میں ٹرافی اپنے نام کی۔

قبل ازیں یہ ٹرافی ملک کی بڑی جامعات کے نوجوانوں نے جیت رکھی تھی جو پہلی بار یونیورسٹی کے حصہ میں آئی۔شعیب عزیز مزاحیہ تقریر میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم ٹرافی کے ساتھ پچاس ہزار روپے نقدانعام کے بھی حقدار قرار پائے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان بائی لنگوئل ڈیکلی میشن میں حصہ لینے والی بڑی جامعات میں پنجاب یونیورسٹی‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور‘ جی سی فیصل آباد‘ یونیورسٹی آف کراچی‘ ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور‘ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور‘ یونیورسٹی آف سرگودھا‘ یونیورسٹی آف گجرات جیسی معروف جامعات شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں ‘ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خاں اور انچارج ڈی بیٹنگ کلب ڈاکٹر شوکت علی نے قومی اعزاز حاصل کرنے پر شعیب عزیز اور زبیر خالد کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ سینئر ٹیوٹر آفس سے تربیت یافتہ نوجوان دوسرے شعبوں میں بھی یونیورسٹی کے جھنڈے کو مزید بلند کریں گے۔یاد رہے کہ شعیب عزیز قبل ازیں رمضان المبارک کے دوران اے آر وائی نیٹ ورک میں ہردلعزیز و نامور نعت خوان مذہبی سکالر جنید جمشید شہید اور اینکر وسیم بادامی کے شہرہ آفاق پروگرام شانِ رمضان میں اپنی مزاحیہ تقریری سلسلہ میں دوسری پوزیشن جیت چکے ہیں۔

شعیب عزیز نے آل پاکستان بائی لنگوئل ڈیکلی میشن مقابلہ میں کامیابی کو حویلیاں کے نواح میں پی آئی اے کے تباہ ہونے والے طیارہ میں شہید ہونے والے قومی ہیرو جنید جمشید شہید کے نام کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :