پاک نائیجریازراعت میں تعاون کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید گرمجوشی سے ہمکنار کرنے کے مواقع سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ عمراٹانکوالمکورا

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:49

فیصل آباد۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)نائجیریاکے ناساروا صوبے کے گورنر عمراٹانکوالمکورانے کہا ہے کہ دونوں ممالک زراعت میں تعاون کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید گرمجوشی سے ہمکنار کرنے کے مواقع سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں اور ان کا صوبہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ تعاون کی ابتداء اساتذہ و طلبہ کے باہمی تبادلوں سے کرے گا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں اور انتظامی سربراہان سے نیو سنڈیکیٹ ہال میں چھ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران نائجیرین گورنر نے کہا کہ ہرچند ان کی معیشت کا زیادہ تر انحصارتیل پر ہے تاہم گزشتہ چند برسوں سے صدر احمد بخاری کی قیادت میں زرعی ترقی کیلئے اقدامات پر ترجیحی طور پر عمل کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا نائجیریامیں پاکستانی ہائی کمشنر کی طرف سے انہیں یونیورسٹی کی کامیابیوں اور نمایاں پہلوئوں کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا تھا یہاں آکر اس میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 36صوبوں کے ملک نائجیریا میں وفاقی حکومت زراعت کوجدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پاکستان میں تعاون کیلئے ممکنہ شعبوں پر کام کر رہی ہے جس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قدرتی تیل کے ذخائر ایک محدود عرصہ کا احاطہ کرسکیں گے جبکہ زراعت میں چھپے لامحدود خزانوں کو سامنے لانے کیلئے وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دکے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گنا‘باسمتی چاول اور ترشاوہ پھلوں کی پیداواری ٹیکنالوجی کو نائجیریا میں فروغ دینے کے بے پناہ مواقع ہیں جس کیلئے زمینی و آبی تجزیہ کرنے اور دوسرے اُمور کی جانکاری کیلئے وہ پاکستانی ماہرین کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہیں گے تاکہ ان کی رہنمائی میں وہاں مذکورہ فصلات کی کاشت کو رواج دیا جاسکے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہاکہ ماضی قریب میں نائجیریا و افریقی ممالک کے سینکڑوں نوجوان یونیورسٹی میں زیرتعلیم رہے ہیں اور اپنے ممالک میں زرعی خدوخال میں بہتری کیلئے کلیدی کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائجیریا میں زرعی ترقی کیلئے وہ ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں اور اپنے ماہرین کو نائجیریاکی زرعی ترقی کیلئے کسی بھی ذمہ داری کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔