وفاقی دارالحکومت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، مقامی ہوٹل کا مالک جاں بحق ،ملزمان موقع سے فرار

واقعہ کے بعد تاجروں کا دکانیں بند کر کے احتجاج ، ٹائر جلا کر جی سیون مرکز کی سٹرکیں بلا ک کر دیں

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون کی ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے مقامی ہوٹل کے مالک چوہدری نثار کو قتل کر دیا ،ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے ،واقعہ کے بعد تاجروں نے دکانیں بند کر کے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر جی سیون مرکز کی سٹرکیں بلا ک کر دیں ،جمعہ کو وفاقی پولیس کے مطابق ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مقامی ہوٹل کے مالک چوہدری نثار کو فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا،فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے با آسانی فرار ہوئے ،واقعہ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے ستارہ مارکیٹ کا گھیراو کیا تاہم اس کے باجود کوئی ملزم گرفتار نہ ہو سکا، نعش کو پوسٹمارٹم کے لئے پولی کلینک منتقل کر دیا گیا ہے ، دوسری طرف تاجروں نے پوری ستارہ بند کر کے احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کیں۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلووں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم فوری طور پر قتل کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا، پو لیس کے مطابق تفتیش میں ذاتی رنجش اور خاندانی دشمنی سمیت سیاسی وابستگی کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔