ملک میں قیام امن اور استحکام پاکستان کے لئے مصطفی کریم کی تعلیمات کو فروغ دینا ضروری ہے،حاجی حنیف طیب

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ ملک میں قیام امن اور استحکام پاکستان کے لئے مصطفی کریم کی تعلیمات کو فروغ دینا بہت ضروری ہے،پوری دنیا میں عید میلاد النبی کو جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، ربیع الاول میں جلسے ، جلوس اور ریلیوں کا مذہبی جو ش و جذبے سے اہتمام کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے اور ان تمام پروگرام کو پرامن طریقے سے انعقاد کرنا بھی ضروری ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجدفیضان اولیاء اورپوسٹ آفس فیڈرل بی ایریا میں استقبال آمدمصطفی کے سلسلے میںپرچم کشائی کے موقع پر کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین یوسی31 خرم فرحان،وائس چیئرمین محمدصابر،مفتی نصیراحمد،سیدارشدعقیل،انیس محمدشاہ،جنرل کونسلرزااحمدالحق قاسمی، جاوید سرفراز، عاصم چوہان،محمدظفر،رحیم الدین،راشدقریشی،سید امان اللہ نقشبندی،شریف راجپوت،اویس علی شاہ،علماء ومشائخ کارکنان سمیت شمع رسالت کے پروانوں کی بڑی تعدادموجودتھی۔

(جاری ہے)

حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ اسلام تونہ صرف امن وآشتی ،تحمل وبرداشت اورایک دوسرے سے محبت کی تعلیم دیتا ہے،بلکہ ایک دوسرے کے عقائد ونظریات اور مکتب ومشرب کااحترام بھی سکھاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ نبی کریم نے ہمیں اخوت ، محبت ، بھائی چارگی اور امن کی دعوت کو عام کرنے کا درس دیا ہے۔ اور غلامان مصطفی ہمیشہ سے پرامن رہے ہیں اور پر امن ہی رہیں گی اور یہی محبت اور عقیدت کا درس بھی ہے۔یوسی چیئرمین خرم فرحان نے کہاکہ عید میلاد النبی پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ سرور کائنات کے عشق میں سرشار ہوکر توحید کاپرچم بلند کریں اور حضور کے بتائے ہوئے راستے پرچل کر پوری کائنات میں انسانی محبت کو عام کریں۔

نظام مصطفی پارٹی کے جنرل سیکریٹری سیدارشدعقیل نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ وہ ماہ ربیع الاول میں جلسے ،جلوسوں، خصوصاً12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کو یقینی بنا ئے، تاکہ دہشت گردوںکے مذموم عزائم ناکام ہوسکے اورربیع اول کے پروگرام کوپرمیشن سے مستثنیٰ قراردیاجائے۔انہوں نے کے الیکڑک انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ ماہ ربیع الاول کے احترام میں خصوصاًجلسے ،جلوسوں کے علاقوں کو لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے۔

متعلقہ عنوان :