سابق کپتان مشتاق محمد نے آسٹریلیا کیخلاف نوجوان بلے باز بابر اعظم کو پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیدیا

پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف مستقل مزاجی اور توجہ کے ساتھ کھیلے تو بڑی کامیابی حاصل کرسکتی ہے، یاسر شاہ کی بالنگ تکنیک پر تحفظات ہیں ،نگلینڈ کے دورے میں انتخاب عالم اور مشتاق احمد کو میں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا ،محمد عامر نے مایوس کیا اور ان میں فاسٹ بالر کی پھرتی اب نظر نہیں آتی،سابق کپتان مشتاق محمد

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) سابق کپتان مشتاق محمد نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف مستقل مزاجی اور توجہ کے ساتھ کھیلے تو بڑی کامیابی حاصل کرسکتی ہے اور تاریخ کو دہرا سکتی ہے،آسٹریلیا کے خلاف جیت کیلئے پرامید سابق پاکستانی کپتان نے نوجوان بلے باز بابر اعظم کو پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا۔

انہوں نے کہا بابراعظم، آسٹریلیا میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے جبکہ مصباح، یونس اور اظہر علی سیریز میں پاکستان کو کامیابی دلانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے، یہ تینوں بلے باز آزمودہ ہیں اور انھیں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا ہوگا۔پاکستان کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک مشتاق محمد نے بیٹنگ میں مسلسل جدوجہد کرنے والے یونس خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز کو آف اسٹمپ پر کھیلنے میں درپیش دشواری پر قابو پانا ہوگا جو ان کی ناکامی کی وجہ ہے کیونکہ تجربہ کارکھلاڑی کی حیثیت سے بڑی اننگز کھیلنا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی وکٹوں پر ابتدائی تین دنوں میں بالرز کے کردار کو اہم گرداتنے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں آپ کو ایک ایسے بالر کی ضرورت ہوتی ہے جو گیند کو گھما سکے۔پاکستان نے مشتاق محمد کی زیر قیادت 1977 اور 1979 میں آسٹریلیا کے دوروں میں ٹیسٹ میچ جیتا تھا اور آل رانڈر نے ڈھائی سال تک قومی ٹیم کرتے ہوئے آٹھ ٹیسٹ فتوحات حاصل کیں۔

مشتاق محمد کا کہنا تھا کہ مجھے یاسر شاہ کی بالنگ تکنیک پر چند تحفظات ہیں اور انگلینڈ کے دورے میں انتخاب عالم اور مشتاق احمد کو میں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا لیکن اس سب کے باوجود یہ حقیقت ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی ضرورت ہیں۔محمد عامر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'عامر نے مجھے مایوس کیا اور مجھے ان میں فاسٹ بالر کی پھرتی نظر نہیں آتی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ پر مشتمل تین میچوں کی سیریز کا آغاز 15 دسمبر کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :