چیف سیکرٹری کی محکموں میں پروکیورمنٹ سیل قائم کرنے کی ہدایت

ترقیاتی سکیمیں بر وقت مکمل کی جائیں،تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعیدنے ہدایت کی ہے تمام محکموں میں پروکیورمنٹ سیل قائم کئے جائیں تاکہ پروکیورمنٹ کے عمل کو مزید شفاف اور پیشہ وارانہ انداز میں سرانجام دیا جاسکے۔ وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میںایڈمنسٹریٹو سیکرٹریزکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میںسالانہ ترقیاتی پروگرام، محکموں میں پروکیورمنٹ سیل کے قیام، بلدیاتی نظام،پنجاب اوورسیزپاکستانیز کمیشن کی شکایات ودیگر انتظامی امور زیر غورآئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعیدنے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صحت، تعلیم، زراعت اور ہائوسنگ کے شعبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں، ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز سالانہ ترقیاتی پروگرام کا باقاعدگی سے جائزہ لیں تاکہ فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پنشن اور محکمانہ کارروائی کے کیسسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، تمام محکمے ان کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب سے مکمل تعاون کریں۔

انہوں نے محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ عوام کی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اور پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے۔اجلاس میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعا بھی کی گئی۔ اجلاس میںچیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئرممبربورڈ آف ریونیو،مختلف محکموںکے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔