بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کے مطالبے کی تائید کردی

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:33

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کے مطالبے کی تائید کی ہے کیونکہ کراچی شہر تمام پاکستان سے آنے والے لوگوں کا ذریعہ معاش بنا ہوا ہے اور یہاں رواں پبلک ٹرانسپورٹ کی اشد ضرورت ہے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوبلاول ہاس لاہور میں پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس پر ہفت روزہ تقریبات کی شاندار اورکامیاب انعقاد پر مبارکباد دینے کے لیے آج یہاں بلاول ہاس میں ان سے ملاقات کی، ان تقریبات میں پورے ملک سے ہزاروں جیالوں نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ انہوں نے کراچی کی پبلک ٹرانسپورٹ کی بڑے پیمانے پر بڑہتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر وفاق کے سامنے مطالبہ رکھا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کیا جائے ، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ کا یہ جائز مطالبہ ہے اور وفاقی حکومت کو کوئی جواز بتائے بغیر اس مطالبے کو فوری پورا کرنا چاہیے تاکہ ملک کا معاشی حب بھی اس اہم منصوبے سے فائدہ اٹھا سکے، وزیراعلی سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں اور امن امان خصوصا کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دی ، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امن امان کی صورتحال کی بڑے پیمانے پر بہتری کو سراہاتے ہوئے زور دیا کہ تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔