میئر کراچی کا جمعہ کی شام دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا دورہ

دعوت اسلامی بہت بڑی خدمت کر رہی ہے اور رسول اکرم ﷺ کی سنتوں اور قرآن کی تعلیمات کو آگے بڑھا رہی ہے، وسیم اختر

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کی شام دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا دورہ کیا ، فیضان مدینہ پہنچنے پر دعوت اسلامی کے رہنمائوں سلیم یوسف، یعقوب عطاری اور دیگر نے ان کا استقبال کیا، میئر کراچی کے ہمراہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی اور ضلع میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ کراچی کا امتیاز ہے کہ دعوت اسلامی کا آغاز اسی شہر سے ہوا میں امیرِ دعوت اسلامی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیں دعوت اسلامی کے مرکز آنے کا موقع فراہم کیا ، دعوت اسلامی بہت بڑی خدمت کر رہی ہے اور رسول اکرم ﷺ کی سنتوں اور قرآن کی تعلیمات کو آگے بڑھا رہی ہے اللہ کی مخلوق کو اس کی جانب راغب کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ دین اور دنیا کو ایک ساتھ چلانے کا درس دیا جارہا ہے آج کی دنیا میں ہر شخص روزگار کمانے کی فکر میں ہے ہم آخرت سے غافل ہوگئے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا کے چکر میں پڑکر آخرت کو بھولتے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دعوت اسلامی کا مرکز فیضان مدینہ روح اور قلب کی تسکین کا سبب ہے اور دنیا بھر میں تیزی سے اسلام پھیل رہا ہے جو خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی اپنا بہت بڑا حلقہ اثر رکھتی ہے میری گزارش ہوگی کہ وہ کراچی کی صفائی مہم میں ہمارا ساتھ دیں اور دعوت اسلامی کے کارکنوں کو اس بات کی جانب راغب کریں کہ وہ شہر کی صفائی میں اپنے اپنے علاقوں میں کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ آج مرکز آکر بے پناہ خوشی ہوئی ہے جہاں اس وقت جشن عیدمیلاد النبی ﷺکے سلسلے میں 16 سے زائد ممالک کے لوگ تشریف لائے ہوئے ہیں۔

دعوت اسلامی کے رہنما یوسف سلیم نے اس موقع پر بتایا کہ دعوت اسلامی جس کا آغاز کراچی سے ہوا تھا 200 ممالک میں کام کر رہی ہے اور میئر کراچی کی صفائی مہم میں بھرپور ساتھ دے گی انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہمارے اسلامی بھائی ہر طرح سے میئر کراچی کے ساتھ ہیں انہوں نے بتایا کہ دعوت اسلامی کے زیرانتظام ملک بھر میں 450 مدرسے جامعة المدینہ کے نام سے کام کر رہے ہیں جس میں 27 ہزار طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں ہر سال 5 ہزار طلبا کو حافظ قرآن بنایا جاتا ہے ، ایک ہزار علماء سال بھر میں تیار کئے جاتے ہیں جو بیک وقت عالم دین ہونے کے ساتھ اپنے اپنے دنیا وی شعبوں کے ماہرین بھی ہوتے ہیں انہوں نے بتایا کہ دارالمدینہ کی 39 برانچیں ہیں جبکہ 2018 ء میں عالیشان یونیورسٹی کے قیام کا بل اسمبلی سے پاس ہوچکا ہے جس سے عالمی سطح کے مبلغ اور د انشور پیدا ہوں گے، گونگے ، انہوں نے بتایا کہ بہرے افراد کو اسپیشل تعلیم دی جاتی ہے ، اشاروں کی زبان میں اسلامی تعلیم سے بہرآور کیا جاتا ہے جبکہ دعوت اسلامی کے لٹریچر کا 36 زبانوں میں ترجمہ ہورہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اردو، انگلش اور بنگالی چینلز کام کر رہے ہیں ، بچوں کو کارٹون کے ذریعے اسلامی تعلیمات سکھائی جاتی ہے ہر سال 500 مساجد بنانے کا ہدف بنایا جاتا ہے اور اس سال اب تک یہ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ مسجد بھر و تحریک، غیبت سے بچائو کا ہفتہ، مسواک کا ہفتہ اور مختلف موضوعات پر امیرِاہلسنت کی ہدایت پر منائے جاتے ہیں انہوں نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ جشن عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پر ایمبولینسز اور فائربریگیڈ کو فیضان مدینہ پر احتیاطی طور پر رکھا جائے جس پر فوری طور پر میئر کراچی نے احکامات جاری کئے ۔

متعلقہ عنوان :