طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا

حکام کو جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے سے بھی روک دیاگیا حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے کراچی پہنچا دیا گیا

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ،ْ حکام کو جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے سے بھی روک دیاگیا نجی ٹی وی کے مطابق طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے قائم کی گئی تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی 6 رکنی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا، ٹیم نے جائے حادثہ سے مزید شواہد اکٹھا کرلیے ،ْ حکام کو تحقیقات مکمل ہونے تک طیارے کا ملبہ اٹھانے سے روک دیا ہے۔

دوسری جانب حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے کراچی پہنچا دیا گیا ہے جہاں بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانسیسی ٹیم کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فرانسیسی ٹیم کی آئندہ 48 گھنٹوں میں کراچی آمد متوقع ہے ،ْٹیم کی معاونت کے لیے پاکستانی ماہرین بھی موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر فرانس کی ٹیم بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے کراچی پہنچتی ہے تو پی آئی اے کے پاس ڈی کوڈ کرنے کے انتظامات موجود ہیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد جانے والا طیارہ حویلیاں کے قریب گرکر تباہ ہوا جس میں جہاز کے عملے سے 47 افراد جاں بحق ہوئے ،ْ طیارے میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے۔

متعلقہ عنوان :