مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین و مسلم لیگی راہنماء سید شاہد علی شاہ جی کی سردار نسیم کو میئر راولپنڈی نامزدگی پر مبارکباد

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:18

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین و مسلم لیگی راہنماء سید شاہد علی شاہ جی نے سردار نسیم کو میئر راولپنڈی نامزدگی پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سردار نسیم کے میئر نامزد ہونے پر کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اپنے ایک بیان میں سید شاہد علی شاہ جی نے کہا کہ میئر راولپنڈی کے لیے سردار نسیم کا انتخاب انتہائی مدبرانہ فیصلہ ہو گا جس پر مسلم لیگ ن کے حقیقی اور دیرینہ کارکن قیادت کے فیصلے کو سراہتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ سردار نسیم پہلے کی طرح خدمت کا عمل جاری رکھیں گے اور کارکنوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔

سید شاہد علی شاہ جی نے کہاکہ میئر کی نشست پر قابل ،غیر جانبدار اور مخلص شخصیت کا انتخاب وقت کا تقاضا تھا جسے پورا کر کے مسلم لیگ ن کی قیادت نے عوام کے دل جیت لیے ۔

(جاری ہے)

سید شاہد علی شاہ جی نے مزید کہاکہ کاروباری برادری توقع کرتی ہے کہ بحیثیت میئر سردار نسیم عوام کے ساتھ ساتھ تاجروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات بھی کریں گے اور شہر میں جہاں کہیں بھی تاجروں کو کسی بھی قسم کے مسائل درپیش ہیں ان کے تدارک کے لیے اقدامات کریں گے ۔

سید شاہد علی شاہ جی نے کہاکہ سردار نسیم مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے اپنی جگہ بنائی ،تاجر برادری انہیں اپنی غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتی ہے اور اس امر کا بھی یقین دلاتی ہے کہ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کے لیے ان کے اٹھائے گئے تمام اقدامات میں بھرپور معاونت کرے گی تاکہ راولپنڈی کو ایک مثالی شہر بنایا جاسکے ۔