بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات

ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد تیز ،عوامی مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لیے انہیں بلاتاخیرفنڈزفراہم کیے جائیں، بلاول بھٹو

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاوس میں ملاقات کی اورسندھ ہائی کورٹ کی جانب سے اکیس معاونین خصوصی اورمشیروں کوکام سے روکنے سے متعلق عدالتی احکامات سے آگاہ کیا،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کوسندھ حکومت کی کارگردگی کراچی ترقیاتی پیکیج اورسالانہ ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد کی رفتاراورمستقبل میں نئے منصوبے شروع کرنے سے متعلق امورپربھی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد تیز کیا جائے اورعوامی مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لیے انہیں بلاتاخیرفنڈزفراہم کیے جائیں۔ وزیراعلی سندھ نے معاونین خصوصی اورمشیروں کوکام سے روکے جانے سے متعلق عدالتی فیصلے کے حکومت سندھ پراثرات سے بھی آگاہ کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے پارٹی چیئرمین کوعدالتی فیصلے پرسپریم کورٹ میں اپیل دائرکرنے سے متعلق بھی تجاویز سے آگاہ کیا اوربتایا کہ سندھ حکومت ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کی تیاری کررہی ہے۔