اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں برداشت ، درگزر، انسانی حقوق کے احترام اور ہمہ جہتی کے کلچر کو فروغ دیناوقت کی اہم ضرورت ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ اسلام سماجی انصاف اور امن کی اعلیٰ اقدار کو سربلند رکھنے کا درس دیتا ہے،اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے ، بلاتفریق مذہب تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیابھر میں انسانی حقوق کی قدرو اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں انسانی حقوق سلب کر لئے جاتے ہیں وہاں بد امنی اور انتشار پھیل جاتا ہے۔ انسانوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور بلا امتیازانصاف کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ خواتین کے بنیادی حقوق اور کام کی جگہ پر تحفظ کے لئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے خصوصی افرادکو معاشرے کا مفید رکن بنانے اور انہیں باعزت مقام دلانے کے لیے بھی متعددٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

جمہوریت، امن اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہوئے ہیں۔ برداشت ، درگزراور انسانی حقوق کے احترام کے کلچر کودینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہر فرد کے حقوق کو مقدم رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :