Live Updates

ملتان ،تحریک انصاف نے میونسپل کارپوریشن کیلئے میئر اور ڈپٹی میئر ز کیلئے امیدوار نامزد کردئیی

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:09

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملتان شہر کی میونسپل کارپوریشن کیلئے ملک محمد عدنان ڈوگر کو بطور میئر اور سلیم اللہ خان ، شیخ محمد طاہر کو بطور ڈپٹی میئر ز کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف میئر شپ کے الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور ہم اس الیکشن میں حیران کن نتائج کے حوالے سے ملتان کے شہریوں کو سرپرائز دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈوگر ہائوس میں پاکستان تحریک انصاف کے میئر و ڈپٹی میئرز کے پینل اور مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں و پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میئر شپ کے الیکشن کیلئے چیئرمینوں سے مکمل رابطے میں ہے اور کامیابی پی ٹی آئی کے پینل کی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ مخصوص نشستوں کے الیکشن میں ہم نے اپنی بہترین حکمت عملی سے توقع سے بڑھ کر کامیابی کے حوالے سے نتائج حاصل کئے ہمارا یہ پینل بھی اسی طرح کامیابی حاصل کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ا ٓئی کے پینل کیلئے طویل مشاورت کے بعد پینل کو حتمی شکل دی گئی اس مشاورت میں ملتان شہر کے تمام ایم این ایز ، ایم پی ایز ، ٹکٹ ہولڈرز ، پی ٹی آئی کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں کی مشاورت شامل ہے بالخصوص ہم شکر گزار ہیں جنرل سیکرٹری ملتان سٹی ندیم قریشی ، صدر ملتان سٹی ڈاکٹر خالد خان خاکوانی ، جنرل سیکرٹری ضلع ملتان حسن خان علیزئی ، ضلعی صدر اعجاز حسین جنجوعہ ، ریجنل جنرل سیکرٹری عون عباس بپی ، ریجنل صدر اسحاق خان خاکوانی اور مرکزی وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی کے خصوصی طور پر مشکور ہیں جنہوں نے اس پینل پر خصوصی اعتماد کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میئر شپ کے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی یہ کامیابی چیئرمین عمران خان کی ہوگی اس نظریے اور اس سوچ کی ہوگی جو جنگ ہمارے قائد عمران خان کرپٹ مافیا ، چوروں ، ڈاکوئوں اور پانامہ لیکس کے کرداروں کے خلاف لڑ رہے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین میونسپل کارپوریشن میں تحریک انصاف کا جھنڈا بلند رکھیں گے اور ملتان شہر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

اس موقع پر ڈوگر ہائوس میں روانگی سے قبل گروپ فوٹو سیشن ہوا بعد ازاں تحریک انصاف کے پینل نے ا ٓر او آفس میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے پینل پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستان تحریک انصاف عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر سابق ایم این اے ملک لیاقت ڈوگر ، ایم پی اے جاوید اختر انصاری ، سابق ایم پی اے معین ریاض قریشی ، سٹی جنرل سیکرٹری محمد ندیم قریشی سمیت مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین بابر شاہ ، منور قریشی ، ضرار خان ، بلال خان ، اعجاز ججی ڈوگر ، امجد بھٹی وائس چیئرمین ، چوہدری خالد حسین وائس چیئرمین سمیت پارٹی کے کارکن شریک تھے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات