انسداد بد عنوانی کا عالمی دن ، اسلامی یونیورسٹی میں واک کا انعقاد، 5 ہزار طلباء و طالبات کی شرکت،

بد عنوانی نے معاشروں کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، جامعات انسداد بدعنوانی میں کردار ادا کریں،ڈاکٹر معصوم

جمعہ 9 دسمبر 2016 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام بد عنوانی کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کی قیادت میں جامعہ کے 5 ہزار طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ واک جامعہ کے کشمیر ہائی وے گیٹ سے شروع ہوئی ا ور جی ٹین سگنل پر اختتام پزیر ہوئی اس واک میں جامعہ کے نائب صدور ،ڈینز ، ڈائریکٹر جنرل ،فیکلٹی ممبران اور افسران بھی شریک تھے۔

واک کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بدعنوانی کے خلاف نعرے درج تھے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بد عنوانی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور نیب اور انسداد بد عنوانی کے دیگر اداروں کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے واک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسا عفریت ہے جو معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ بلا شبہ بدعنوانی ایک عالمی مسئلہ ہے لیکن ترقی پزیر ممالک اس لعنت کی زیادہ لپیٹ میں ہیں۔

ریکٹر جامعہ نے نیب کی خدمات کی بھی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کا ہر فرد خود احتسابی کو شعار بنائے اور بد عنوان عناصر کی نہ صرف نشاندہی کرے بلکہ ان کے خلاف میدان عمل میں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات انسداد بد عنوانی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ یہی وہ ادارے ہیں جو نوجوان اذہان کو معاشرے کی اس بیماری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے خاتمے کی طرف گامزن کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :