حکومت عوام کی مشکلات حل کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

علاقہ میںپولیس گشت بڑھا دی گئی ہے جس سے منشیات اور کرائم کی وارداتوں کا خاتمہ ہو گا حکومت کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں‘صوبائی وزیر کا کھلی کچہری سے خطاب

جمعہ 9 دسمبر 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت و ایکسائز میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات حل کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے ،اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بلند اور انہیں تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہوں اس حوالے سے یہ بات خوش آئندہ ہے کہ بلدیاتی نظام کے احیا سے لوگوں کو مزید فائدہ پہنچے گا- یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ پی پی 141 کے الیکشن آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر سی سی پی او امین وینس، کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل ، ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) عثمان یوسف کے علاوہ ٹی ایم او شالیمار ٹاؤن اور محکمہ گیس ، بجلی ، پانی کے افسران و حلقہ پی پی 141 کے ڈی ایس پی صاحبان نے بھی شر کت کی-صوبائی وزیر نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کے عوام کا مطالبہ تھا کہ کھلی کچہری لگائی جائے جو آج پورا ہوا ہے اور انشاء اللہ آئندہ ہرماہ علاقہ کی یو سی میں کھلی کچہری کا انعقاد ہو گا اور لوگوں کے مسائل سنے جائیں گی-انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ حلقہ پی پی 141 میں حمزہ شہباز کی جانب سے گلیوں میں لٹکنے والی بجلی کی کھلی تاروں کو ہٹانے اور مین بجلی کی تاریں بچھانے کے لئے لیسکو کو 10 کروڑ روپے مہیا کر دیئے ہیں جبکہ گیس کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں جو جلد پورے ہونگی-اس موقع پر لوگوں نے فردا فردا اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ میں ناجائز تجاوزات، قبرستانوں کی تعمیر، حکومتی اراضی کو قابضین سے چھڑا کر لڑکیوں اور لڑکوں کے سکولوں کی تعمیر، علاقہ سے منشیات فروشوں کا خاتمہ اور سٹریٹ کرائم ختم کرنے جیسے مطالبات پیش کئے - اس پر سی سی پی او نے عوام کو یقین دلایا کہ حلقہ پی پی 141 کوٹ خواجہ سعید ، چاہ میراں اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت بڑھا دی گئی ہے جس سے منشیات اور کرائم کی وارداتوں میں خاتمہ ہو گا اسی طرح یوسی 44 میں گٹکا فروخت کرنے والوں پر مکمل پابندی اور انہیں گرفتار کرنے کے مطالبات پر علاقہ کے عوام کو یقین دلایا کہ اس پر جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی- صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ شمالی لاہور میں انتہائی ناقص اور حفظان صحت کے منافی دودھ اور گوشت کی فروخت روکی جائے اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی بھر پور طریقہ سے کام کر رہی ہے انہیںشمالی لاہور کی جانب بھی متوجہ کیا جائے گا - انہوں نے بتایا کہ شمالی لاہور میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں جو جلد حلقہ پی پی141 میں بھی شروع کر دیئے جائیں گے -

متعلقہ عنوان :