لاہور ہائیکورٹ، جوڈیشل الائونس کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری خزانہ کو نوٹس جاری

جمعہ 9 دسمبر 2016 20:53

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل الائونس کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

جسٹس شمس محمود مرزا نے انسداد دہشت گردی عدالت کے ملازم افتخار احمد کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، کئی ماہ گزرنے کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس نہیں دیا جا رہا، عدالتی فیصلے سے متعلق سیکرٹری خزانہ کو آگاہ کیا تو سیکرٹری خزانہ نے عدالتی فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا، انہوں نے استدعا کی کہ سیکرٹری خزانہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور ملازمین کو جوڈیشل الائونس کی ادائیگی کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری خزانہ سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔