اداکارہ قسمت بیگ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا وعدہ پورا کر دیا‘ کیپٹن (ر) امین وینس

وحدت روڈ سائنس کالج کے پروفیسر کے قاتلوں کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں‘ سمیعہ چوہدری کی ہلاکت شراب زیادہ مقدار میں پینے سے ہوئی‘پریس کانفرنس

جمعہ 9 دسمبر 2016 20:06

اداکارہ قسمت بیگ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا وعدہ پورا کر دیا‘ کیپٹن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) کیپیٹل سٹی پو لیس آفیسر کیپٹن (ر) امین وینس نے کہاہے کہ اداکارہ قسمت بیگ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا وعدہ پورا کر دیا‘ وحدت روڈ سائنس کالج کے پروفیسر کے قاتلوں کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں‘ سمیعہ چوہدری کی ہلاکت شراب زیادہ مقدار میں پینے سے ہوئی۔ گزشتہ روز کیپیٹل سٹی پو لیس آفیسر کیپٹن (ر) امین وینس نے پو لیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملزم جتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں پولیس کی گرفت سے نہیں بچ سکتے‘ پولیس کامجرموں کے خلاف کریک ڈائون دن بدن زیادہ طاقتور ہوتا جا رہا ہے جس سے جرائم کی شرح میں کمی بھی دیکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کا معمہ مکمل طور پر حل کر لیاہے ،ہم نے ملزمان کو گرفتا ر کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کا مرکزی ملزم رانا مزمل ہے جس نے اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر اداکارہ کا قتل کیا اور مرکزی ملزم کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۔ انہوں نے مزید کہاکہ رانا مزمل اداکارہ کو قتل نہیں کرنا چاہتا تھا ،ملزم کے اداکارہ سے ذاتی تعلقا ت تھے ، جب ذاتی تعلقات میں اختلافات آئے تو اس کا بدلہ لینے کیلئے رانا مزمل کے کارندے اداکارہ کو اپا ہج کرنے کی کوشش میں قتل کر بیٹھے،یہ ملزمان رانا مزمل کے ڈیرے پر کام کر تے تھے جن میں حبیب الرحمن ولد عبدالستار ننکانہ ، محمد رضوان ولد عبدالغفور شیخ فیصل آباد ،عابد حسین ولد فیض محمد فیصل آباد اور محمداعظم ولد غلام حسین فیصل آباد شامل ہیں ۔

انہوںنے بتایا کہ ملزمان نے 10روز تک مقتولہ کی ریکی کی کہ وہ رات کے کس پہر اپنے گھر واپس جاتی ہے، چاروں ملزمان اس کیس کی تمام منصوبہ بندی میں شامل ہیں۔ کیپٹن (ر) امین وینس نے کہا کہ ابھی تک اس کیس کی تفتیش کے دوران کسی پو لیس والے کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے لیکن تفتیش کے دائرہ کا ر کومزید بڑھایا جائے گااور اگر کسی بھی پو لیس والے یا کسی اور شخص کانام آئے گا تو قانون کے عین مطابق اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سمیعہ چوہدری کی چنبہ ہائوس میں جو ہلاکت ہوئی اس کا سراغ لگا لیا گیا ہے ، موت کثر ت سے شراب نو شی کی وجہ سے ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ فیصل ٹائون گول چکر اشارے پر واردات کرنے والے ڈاکو شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں جبکہ وحدت روڈ سائنس کالج کے پر وفیسر کے قاتلوں کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں جلد گرفتار کر لیں گے ۔اس موقع پر اداکار نسیم وکی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ اداکارہ قسمت بیگ کے قاتل اب اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ شوبز برادری کو سکیورٹی کی ضرورت ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ ہمیں سکیورٹی بھی مہیاکریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداکارہ کے قاتل کو پکڑے جانے پر پولیس افسران اور ان کی پوری ٹیم کے مشکور ہیں۔