پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں اے ٹی آر طیارے کے حادثے کے شہد اء کیلئے خصوصی دعا

معروف نعت خواں اور مذہبی سکالر جنید جمشید کی دینی خدمات پر خراج عقیدت پیش ،مولانافضل الرحمان نے جنید جمشید کو اپنا بھائی قراردیا جنید جمشید نے طے شدہ شیڈول کے تحت اس جمعہ کو پارلیمنٹ کی مسجد میں ہی نما ز ادا کرنی اور خطاب کرنا تھا، جو اللہ کو منظور ، وہی ہوتا ہے ،وہ طیارے کے حادثے میں شہید ہوگئے،جنید جمشید نے تبلیغ کی طرف آنے کے بعد گلوکار ی کی 35کروڑکی آمدن غریبوں اوریتیموںمیں تقسیم کردی ، قاری حمد اللہ کا خطاب

جمعہ 9 دسمبر 2016 18:34

پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں اے ٹی آر طیارے کے حادثے کے شہد اء کیلئے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے خصوصی طور پر دعا کی گئی جبکہ معروف نعت خواں اور مذہبی سکالر جنید جمشید کی دینی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانافضل الرحمان نے نماز جمعہ پڑھائی اور بعدازاں انہوں نے حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں جاں بحق افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کرائی۔

انہوں نے جنید جمشید کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کی اسلام اکیلئے خدمات کو سراہا۔مولانا فضل الرحمان نے ملک میں بارشوں اور قومی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مسجد کے خطیب قاری حمد اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنید جمشید نے طے شدہ شیڈول کے تحت آج پارلیمنٹ کی مسجد میں ہی نما ز ادا کرنی تھی اور انہوں نے خطاب بھی کرنا تھا تاہم جو اللہ کو منظور ہوتا ہے وہی ہوتا ہے اور وہ طیارے کے حادثے میں شہید ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ جنید جمشید گلوکاری چھوڑ کر دین کی تبلیغ کی طرف آئے تو انہوں نے اپنی اہلیہ سے مشورہ کیا کہ ان کے پاس موسیقی سے حاصل ہونیوالی آمد ن کے 35کروڑ موجود ہیں ان کا کیا جائے جس پر ان کی اہلیہ نے ان کو مشورہ دیا تھا کہ یہ غریبوں اور یتیموں کو اللہ کی راہ میں دے دیا جائے اور اسی مشورے پر جنید جمشید نے عمل کیا اور بعدازاں اپنی ساری زندگی دین کیلئے وقف کردی اور طیارے کے حادثے میں شہید ہوگئے،اس طیارے میں دیگر بھی جولوگ شہید ہوئے ہیں ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی طور پر مولانا فضل الرحمان دعا کروائیں گے۔