بورڈ کی تعمیرات اور نیلامی کی مدت بڑھانے سے آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ‘ صدیق الفاروق

اب تک اربوں روپے کی زمینیں واگزار کروالیں ،بابا گورو نانک انٹر نیشنل یونیورسٹی اور گندھارا یونیورسٹی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹیچرز رکھے جائیں ‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

جمعہ 9 دسمبر 2016 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاور ق نے کہا ہے کہ بورڈ کی تعمیرات اور نیلامی کی مدت بڑھانے سے آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے،اب تک اربوں روپے کی زمینیں واگزار کروالیں ہیں ،بابا گورو نانک انٹر نیشنل یونیورسٹی اور گندھارا یونیورسٹی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹیچرز رکھے جائیں ۔

یہ باتیں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاورق نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 307ویں اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر سینئر ممبربورڈ کیپٹن (ر)یونس درانی ،سیکرٹری بورڈ میاں عبدالقدیر ،سیکرٹری ایجو کیشن اور دیگر افسران موجود تھے ۔چیئرمین بورڈ نے مزید بتایا کہ بورڈ کے اجلاس کے آغاز پر ایبٹ آباد میں طیارہ حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی،بورڈ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں دونوں یونیورسٹیز میں کنسلٹنٹ اور رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے بحث کی گئی ہے جبکہ ان یونیورسٹیز کے قیام سے دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ ملے گا اور چین جاپان اور کوریا سے قریبی تعلقات قائم ہوں گے ،ان یونیورسٹیز میں مذہبی مضامین اور پنجابی کے ساتھ ساتھ ماڈرن سبجیکٹ پڑھائے جائیںگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ بورڈ کی زرعی اور شہری زمین کی سکیموں میں فاقی حکومت اور بورڈ ممبران کی منظوری کے بعد ترمیم کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ میٹنگ میں ٹرسٹ کی مختلف علاقوں میں موجود اراضی کی خاطر خواہ آمدنی کے لیے ڈویلپمنٹ ،نیلامی اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے بحث کی گئی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ عمران خان پانامہ کے جھوٹے پراپیگنڈے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق چیئرمین آصف ہاشمی کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے ،بورڈ نے تمام تر دستاویزی ثبوت نیب سمیت دیگر اداروں کی فراہم کر دیے ہیں مزید کاروائی وہ ہی کریں گے ۔