آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ ۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 9 دسمبر 2016 16:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09دسمبر 2016ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان، دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور ملک میں سکیورٹی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کی بریفنگ پر آرمی چیف نے نہ صرف اطمینان کا اظہار کیا بلکہ قومی دفاع اور نیشنل سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے آئی ایس آئی کے افسران اور جوانوں کے کردار کو بھی سراہا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ ملک کے لیے آئی ایس آئی کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ آرمی چیف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی ۔ خیال رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا بطور آرمی چیف آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا یہ پہلا دورہ ہے۔