پاک بحریہ نے کثیر الملکی ٹاسک فورس 150- کی کمانڈ رائل کینیڈین نیوی کے حوالے کر دی

جمعہ 9 دسمبر 2016 17:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) پاک بحریہ نے کثیر الملکی ٹاسک فورس 150- کی کمانڈ رائل کینیڈین نیوی کے حوالے کر دی۔ تبدیلی کمانڈ کی پر وقار تقریب 8 دسمبر کو ہیڈ کوارٹرز یو ایس نیو سینٹ (HQs US NAVCENT) بحرین میں منعقد ہوئی۔ کمانڈکی تبدیلی کی تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کموڈور بلال عبدالناصر نے کثیر الملکی ٹاسک فورس150- کی کمانڈ کموڈور ہیڈن ایڈمیوڈسن (Haydn Edmudson)کے حوالے کی۔

تقریب کے آغاز میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس150-، کموڈور بلال عبد الناصر نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- کی حالیہ کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا جس میں انہوں نے ٹاسک فورس کے اتحادی ممالک کے تعاون اور مدد کو سراہا جس کی بدولت وہ اپنی ذمہ داریاں اعلیٰ پیشہ ورانہ انداز سے انجام دے سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون کے سلسلے میں پاک بحریہ کے مصمم عزم کی وجہ سے پاک بحریہ اور اتحادی ممالک کی نیول فورسز کے درمیان تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں ۔

سبکدوش ہونے والے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- نے مزید کہا کہ میری ٹائم ماحول کی سکیورٹی اور استحکام کے عزم کے ساتھ پاکستان 2004 سے با صلاحیت اتحادی فورسزکا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکمل یقین کے ساتھ یہ کہا جا سکتا ہے کہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں ایک عشرے سے زائد عرصے پر محیط پاکستان کا ایک مسلسل کردار پاک بحریہ، کمبائنڈ میری ٹائم فورسز اور دیگر اتحادی اقوام کے باہمی مفاد میں ہے۔

خطے میں امن و استحکام کے قیام کی غرض سے کئے جانے والے تمام آپریشنز میں پاک بحریہ خلوص نیت سے شریک رہی ہے۔ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہچانے کے لئے پاکستان ہمیشہ ثابت قدم، پر عزم اور مستقل مزاج رہا ہے۔ پاکستان نیوی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر یو ایس نیول فورسز وائس ایڈمرل کیون ایم ڈونگان(Kevin M Denegan) نے ذمہ داریاں بطریق احسن نبھانے پر پاک بحریہ کے دستے کو مبارک باد پیش کی۔

تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں بحرین میں پاکستانی سفیر جاوید ملک اور بحرین میں کینیڈین سفیر تھامس میکڈونلڈ(Thomas Macdonald) نے خصوصی شرکت کی۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس ۔150، کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیر انتظام تین ٹاسک فورسز میںسے ایک کثیر القومی مشترکہ فورس ہے۔ اس ٹاسک فورس کا مشن علاقائی اور دیگر اتحادی ممالک کی فورسز کے ساتھ مل کر د ہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خلاف میری ٹائم ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنزسر انجام دینا ہے۔

اس ٹاسک فورس کے مشن میں میری ٹائم دہشت گردی بشمول منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ،انسانوں کی اسمگلنگ،کوئلے اور ہاتھی دانت کی غیر قانونی تجارت کو روکنا بھی شامل ہے۔پاک بحریہ کے کمانڈ کے دورانیے کے دوران رائل سعودی نیول فورسز کا ایک آفیسر بھی پاکستانی دستے میں شامل تھا۔پاکستان نیوی کاکمبائنڈ ٹاسک فورس۔150 کا کامیابی سے نویں مرتبہ کمانڈ کرنا اتحادی نیول فورسز کا پاکستان نیوی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ مزید برآں، پاک بحریہ آٹھویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی کمانڈ بھی کر رہی ہے۔پاکستان نیو ی پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کے دفاع و نگرانی کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ عالمی آپریشنز میں بھی بھر پور انداز میں سر گرم عمل ہے۔