امریکی حکومت کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک میں ایک لاکھ اکیانوے ہزار ایکڑ اراضی کو پانی کی فراہمی کیلئے نہروں کی تعمیرکا افتتاح

جمعہ 9 دسمبر 2016 16:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) امریکی حکومت کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک میں ایک لاکھ اکیانوے ہزار ایکڑ اراضی کو پانی کی فراہمی کیلئے نہروں کی تعمیرکا افتتاح کیا گیا۔جمعہ کو امریکی سفارتخانے کے مطابق یو ایس ایڈ نے گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کیلئے دو کروڑ بائیس لاکھ بیس ہزار ڈالر فراہم کرنے کی غرض سے مارچ 2015 میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا کہ آبپاشی کی ان نہروں سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ اس علاقے میں پانی کی دستیابی سے کمانڈ ایریا کی مربوط ترقی کوفروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو کھیتوں کیلئے پانی کے بہتر انتظام ، پیداواری صلاحیت میں اضافے، ویلیو ایڈیشن، پروسیسنگ اور مؤثر مارکیٹنگ کیلئے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا جو اس کی بنیادی اہمیت کے تعین اور قابل عمل ہونے کی تشخیص، کمانڈ ایریا کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان کی تیاری، پانی کے استعمال کنندگان کی انجمنوں کے قیام،زرعی پیداوار کی صلاحیت میں بہتری کیلئے کاشتکاروں کی تربیت اور فصلوں، پھلوں، سبزیوں اور مویشیوں سے متعلق پروسیسنگ اور مارکیٹنگ پر مشتمل تھا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مختلف تعمیری سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں ٹانک اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے اضلاع میں393 پختہ نہریں، زمین کو ہموار کرنا، ذخیرہ آب کے لئے تالاب اور ڈرپ اور آبپاشی کا اسپرنکل طریقہ متعارف کروانا شامل ہے۔توقع ہے کہ اس منصوبے سے ، جو ستمبر 2018 میں مکمل ہوگا،تقریباً 30000 خاندان براہ راست مستفید ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :