تین روزہ انسداد ِپولیو مہم 19دسمبر سے شروع ہو گی ‘ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر

جمعہ 9 دسمبر 2016 16:56

سرگودھا۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرسرگودہا محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سرکاری محکموں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی پر زور دیا ہے کہ پولیوکے خاتمہ کیلئے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرکے آفس میں ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے پولیو کے خاتمے کے سلسلہ میں محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو قابل ِستائش قرار دیتے ہوئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ‘ انہوں نے کہاکہ پولیو ایک خطرناک او رجان لیوا مرض ہے جس کو علاج سے زیادہ احتیاط سے کنٹرول کیاجاسکتاہے ۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر( ہیلتھ) ڈاکٹر نصرت ریاض نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ماہ تین روزہ انسداد ِپولیو مہم 19دسمبر سے 21 دسمبر2016ء تک جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

اس دوران ضلع سرگودہا کی 167یونین کونسلوں میںپانچ لاکھ 77ہزار 584بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے ضلع بھر میں 1480ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ جن میں 1207موبائل ٹیمیں ‘ 194فکس او ر79ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہوںگی ۔ ای ڈی او نے مزید بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران 289ایریا انچارجز اور 169یونین کونسل میڈیکل آفیسرز فرائض سرانجام دیںگے۔

ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر( ہیلتھ) ڈاکٹر نصر ت ریاض نے مزید بتایا کہ انسدادِپولیو مہم کی کوریج مقرر کردہ ٹارگٹ سے بھی زیادہ ہوئی ہے ۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر( ہیلتھ) ڈاکٹر نصر ت ریاض، ڈسٹرکٹ آفیسر( ہیلتھ) ڈاکٹر ا سلم چوہدری اور ڈاکٹر ا سد ا سلم سمیت دیگر محکموں کے ضلعی سربراہان او رمختلف مکاتب فکر کے مذہبی راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔