یورپی یونین کااعلیٰ تعلیم کیلئے ارسمس پلس پروگرام،پاک یورپ جامعات میں مزید تعاون پراتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 دسمبر 2016 16:02

یورپی یونین کااعلیٰ تعلیم کیلئے ارسمس پلس پروگرام،پاک یورپ جامعات ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔09دسمبر2016ء) :یورپی یونین کے اعلیٰ تعلیم کے پروگرام ارسمس پلس میں داخلے کے لیے درخواستیں اوپن کردی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی اور یورپی یونیورسٹیوں کے پراجیکٹ کی مالی معاونت کی جاتی ہے اور جامعات کے طلباء اور عملے کو یورپ میں تعلیم کے حصول کے لیے سکالر شپس کا اجراء کیا جاتاہے۔

فُل ڈگری ماسٹرز پروگرام کے طلباء کے لیے حتمی تاریخیں دسمبر اور جنوری کی ہیں۔ کریڈٹ موبیلیٹی اور کیپیسٹی بلڈنگ میں شمولیت کے لیے جامعات کے لیے حتمی تاریخیں فروری کی ہیں۔ارسمس پلس پروگرام جامعات کے لیے مختلف پروگرامز پیش کرتا ہے۔ اگرچہ اس پروگرام کے سکالر شپ پروگرامز کے بارے میں پاکستان میں خاصی آگاہی پائی جاتی ہے تاہم جامعات کے مابین تعاون اور استعدادِ کار بڑھانے کے نئے پروگرامز کا تعارف کروانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ہائیر ایجوکیشن اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے وفد کی اہلکار مس اینے کوفوئد نے کہا کہ "استعدادِ کار (کیپیسٹی بلڈنگ) پراجیکٹس پاکستان میں جامعات کے لیے خاصے فائدہ مند ہوسکتے ہیں۔کیپیسٹی بلڈنگ پروگرامز میں نصاب کی تدوین اور جدت، سہولیات اور سازو سامان کی اپ گریڈیشن اور یونیورسٹی گورننس شامل ہوسکتے ہیں۔

2016 میں منتخب ایشیائی ممالک میں سے کیپیسٹی بلڈنگ کے شعبے میں 127 میں سے صرف ایک درخواست پاکستان سے تھی۔ ہمیں پاکستان کی جامعات میں ارسمس پلس پروگرام کی طرف سے پیش کردہ مواقع کے بارے میں زیادہ آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے"۔یہ سیمینار یورپی یونین کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر میں منعقدہ آگاہی ورکشاپس کا حصہ ہے۔

ان ورکشاپس کا مقصد یورپی یونین کے پروگرام کے تحت پاکستانی جامعات کے لیے میسر مواقع کے بارے کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ درخواستوں کے لیے جامعات کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ مس کوفوئد نے مزید کہا کہ یورپی یونین کا ارسمس پلس پروگرام اعلیٰ تعلیم کے لیے دنیا بھر میں موجود بہترین اور مختلف النوع پروگرامز میں سے ایک ہے جس کے تحت انفرادی اور ادارہ جاتی سطح پر مختلف مواقع فراہم کیے جاتے ہیں ۔

ادارہ جاتی کیپیسٹی بلڈنگ کے علاوہ ارسمس پلس پروگرام کریڈٹ موبیلٹی ایکشن کے تحت طلباء کے لیے 3 سے 12 ماہ اور سٹاف کے لیے 2 ماہ کی کم مدتی سکالر شپس بھی فراہم کرتا ہے جن کے تحت جامعات یورپین جامعات کے ساتھ مل کر طلباء اور سٹاف ایکسچینج کے لیے فنڈنگ کے لیے بھی اپلائی کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2016 میں ایشیائی طلباء کے 3000 سکالر شپس فراہم کی گئیں تاہم ان میں سے صرف 57 پاکستان سے تھیں۔

پاکستان کے حجم کے لحاظ سے یہ تعداد توقع سے انتہائی کم ہے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمود بٹ نے یورپی یونین کے پروگرام ارسمس پلس کے تحت پاکستانی طلباء اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اداروں کو مالی معاونت کے مواقع فراہم کرنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان سے مزید سکالرز یورپی یونین کی طرف سے فراہم کردہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

ارسمس پلس پروگرام کے تحت ہائیر ایجوکمیشن کے ادارے اپنے عملے کی پروفیشنل سکِلز میں تکنیکی بہتری لاسکتے ہیں، ادارہ جاتی کیپیسٹی بلڈنگ کرسکتے ہیں اوردیگر ممالک کے اداروں کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داریاں بنا سکتے ہیں تاکہ بہترین اور جدید نتائج سامنے آسکیں۔

متعلقہ عنوان :