ترک وزیر کی قیادت میں ماہرین صحت کا 15رکنی وفد 22دسمبر سے لاہور کا دورہ کرے گا

جمعہ 9 دسمبر 2016 16:04

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر رجب آک ڈیگ کی سربراہی میں ترک ماہرین صحت کا 15رکنی وفد 22دسمبر سے 25دسمبر تک صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کرے گا، دورے کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر حضوری باغ لاہور میں طے پانے والی مفاہمت کی دستاویز پر موثر عملدآمد کے حوالے سے اقدامات کو عملی شکل دی جائے گی۔

ترک وفد کے اس دورے کے انتظامات اور ایجنڈا آئٹمز پر غور کیلئے اے سی ایس کانفرنس روم سول سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے کی۔ اجلاس میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سربراہان پر مشتمل 5 رکنی ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جسے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم ، پاپولیشن ویلفیئر کے اقدامات اور ریسکیو1122ایمرجنسی سروسز پنجاب کے درست ترین ڈیٹا کی تدوین کا کام13دسمبر تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے دورے کے دوران ترک وفد کے ارکان لاہور کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں دستیاب سہولتوںکا موقع پر جائزہ لینے کے علاوہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ملتان کا دورہ بھی کریں گے،اجلاس کے اختتامی مرحلے میں صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر بھی اجلاس میں شریک ہوگئے جبکہ دونوں سطح کے محکمہ جات برائے صحت کے انتظامی سیکرٹریز نجم احمد شاہ اور علی جان خان کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریہ، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی پنجاب ڈاکٹر شبانہ حیدر، ڈائریکٹر جنرل(آئی ٹی)پی آئی ٹی بی رضوان رشید، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب مجاہد شیر دل، چیئرمین پنجاب لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹیشن انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر سعید اختر اورقائم مقام سی ای او پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی ڈاکٹر شبنم سرفراز نے اجلاس کے دوران پنجاب میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے ترک حکومت کے ساتھ صحت کے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کوتوسیع دینے کے اقدامات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

واضح رہے کہ فیملی ہیلتھ کیئر اور ارلی ڈیزیز ڈائیگناسس کے شعبوں میں ترکی اور صوبہ پنجاب کے مابین اشتراک ِ عمل کی تفصیلات پرپہلے ہی اتفاقِ رائے کیا جا چکا ہے۔ترک وزیر صحت کی قیادت میں ماہرین صحت کے اگلے ہفتے شروع ہونے والے دورہ کے دوران دیگر مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو حتمی شکل دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :