پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 تباہ ، لیکن ایک نام جو نہ مٹ سکا ’پاکستان‘

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 9 دسمبر 2016 14:36

پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 تباہ ، لیکن ایک نام جو نہ مٹ سکا ’پاکستان‘

حویلیاں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2016ء) : پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 دو روز قبل حویلیاں سے چند کلو میٹر کی دوری پر گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں طیارے میں سوار 47 مسافروں میں سے کوئی ایک بھی زندہ نہ بچ سکا ، بلکہ حادثے کا شکار ہوا طیارہ پہاڑوں کے قریب گرتے ہی چکنا چور ہو گیا جبکہ طیارے میں سوار مسافروں میں سے کسی ایک شخص کی بھی لاش صحیح حالت میں برآمد نہیں کی گئی۔

اس افسوسناک حادثے میں معروف مبلغ اور نعت خواں جنید جمشید بھی اہلیہ کے ہمراہ شہید ہو گئے جس پر پوری قوم غمگین ہے۔ حادثے میں تباہ ہونے والا طیارہ اے ٹی آر طیارہ تھا جسے کچھ سال قبل دیگر اے ٹی آر طیاروں کے ساتھ پی آئی اے نے فرانس سے خریدا تھا۔ تباہ ہوئے طیارے کی متعدد تصاویر سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں، لیکن ایک بات جو ہر پاکستانی کے لیے حیران کُن بھی ہے وہ یہ کہ اتنی اونچائی سے گرنے اور تباہ ہو جانے کے باوجود طیارے پر موجود جو نام مٹ نہیں سکا وہ نام ہمارے پیارے وطن ”پاکستان“ کا نام ہے۔

(جاری ہے)

جی ہاں! طیارے کے ملبے کی تصاویر میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ لفظ ”پاکستان“ ملبے کے ڈھیر میں بھی نمایاں ہے۔ طیارے کے ملبے پر لکھا ”پاکستان“ اس چیز کی نشاندہی بھی ہے کہ کوئی بھی مصیبت کوئی بھی آفت پاکستان کو تو کیا اس کے نام کو بھی نہیں مٹا سکتی ۔ بلا شبہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے لیکن ملبے پر لکھے ”پاکستان“ کو دیکھ کر آنکھ بھر آتی ہے، اور دل اس بات کی گواہی بھی دیتا ہے کہ چاہے جو ہو جائے پاکستان کا نام ایسے ہی ہمیشہ زندہ رہے گا۔

متعلقہ عنوان :