یو ایچ ایس کے تحت پی ایچ ڈی کیلئے ہونیوالے انٹری ٹیسٹ ہائیکورٹ میں چیلنج ، عدالت کا 13دسمبر کیلئے نوٹس

جمعہ 9 دسمبر 2016 14:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت پی ایچ ڈی کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ،عدالت نے یو ایچ ایس سے 13 دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورت کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ڈاکٹر عبدالمنان کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ یو ایچ ایس 14 دسمبر کو پی ایچ ڈی کے لئے انٹری ٹیسٹ لینے جا رہا ہے انٹری ٹیسٹ کی12 میں سے 5 مضامین خلاف قانون رکھے گئے ہیں رولز یو ایچ ایس کو ان مضامین کا انٹری ٹیسٹ لینے کی اجازت نہیں دیتے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ رولز کیخلاف انٹری ٹیسٹ کا مقصد منظور نظر افراد کو نوازنا ہے ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ یو ایچ ایس کو پی ایچ ڈی کا انٹری ٹیسٹ لینے سے روکا جائے۔فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد یو ایچ ایس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 13دسمبر تک ملتوی کر دی ۔