وزارت مذہبی امور کے زیرانتظام عالمی سیرت کانفرنس پرسوں لاہور میں شروع ہوگی

ترکی، سعودی عرب ، مراکش ، لیبیا ، اٹلی سے مندوبین شرکت کریں گے

جمعہ 9 دسمبر 2016 13:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) وزارت مذہبی امور کے زیرانتظام ملکی تاریخ کی پہلی عالمی دو روزہ سیرت کانفرنس پرسوں (اتوار سے )لاہور میں شروع ہوگی جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے کئی ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق 11ربیع الاول کو بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کے بعد عالمی مقابلہ حسن قرأت ہوگا جس میں پاکستان، انڈونیشیا، بنگلہ دیش ، مصر ، ایران اور مراکش سمیت دیگر اسلامی ممالک سے قرأ حضرات شرکت کریں گے۔

12ربیع الاول کو عالمی سیرت کانفرنس منعقد ہو گی ۔ کانفرنس میں ترکی، سعودی عرب ، مراکش ، لیبیا ، اٹلی سمیت دنیا کے کئی ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں امام کعبہ اور پوپ کے نمائندے کی شرکت کے بھی قوی امکانات ہیں۔ عالمی سیرت کانفرنس میں کتب سیرت، کتب نعت ، مقالات سیرت پر قومی اور علاقائی زبانوں میں اول دوم اورسوم آنے والوں کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔