معروف اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قاتل گرفتار

جمعہ 9 دسمبر 2016 13:01

معروف اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قاتل گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) لاہور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے 3 قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا جنہوں نے رعنا مزمل نامی شخص کے اکسانے پر اداکارہ کو 23 نومبر کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔قسمت بیگ کو 3 نامعلوم ملزمان نے 23 نومبر کی صبح ان کے گھر کے باہر فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں اداکارہ شدید زخمی ہوئیں اور بعدازاں سروسز ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔

(جاری ہے)

ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق رعنا مزمل نامی شخص نے رضوان، رحمٰن اور اعظم کے ہاتھوں قسمت بیگ کا قتل کروانے کا اعتراف کرلیا، جسے گزشتہ روز گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔رعنا مزمل نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس نے قسمت کو اس لیے قتل کروایا کیوں کہ اداکارہ نے ان کے ڈرامے میں پرفارم کرنے سے انکار کیا اور پیسے بھی نہیں لوٹائے تھے۔ایک اور تفتیش کار کے مطابق رعنا مزمل نے دبئی جاکر ان قاتلوں کو اجرت پر حاصل کیا تھا۔اس کیس کے حوالے سے 40 تھیٹر اداکاروں سے بھی تفتیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :