Live Updates

شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرکاری وسائل استعمال ہوئے، بابر اعوان

جمعہ 9 دسمبر 2016 12:18

شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرکاری وسائل استعمال ہوئے، بابر اعوان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) پانامالیکس کیس میں تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرکاری وسائل استعمال کئے گئے لیکن قوم پاناما کے ملزمان کا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاناما لیکس کیس میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاناما ایک سال کے لئے ملتوی ہوگیا ہے، سماعت 2017 میں ہوگی، چھٹیوں کے دوران بھی کام سپریم کورٹ کی روایت ہے، ہمیں ججز کی چھٹیوں پر اعتراض نہیں، عدالت نے مناسب سمجھا کہ چھٹی کی جائے اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

بابراعوان نے کہا کہ شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرکاری گاڑیاں، پیٹرول، سرکاری کھانے اور ریاست کے وسائل سمیت پوری سرکار بھی استعمال ہوئی اور کہا گیا کہ دسمبر بھی گزر جائے گا اس کا کیا مطلب ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں نعرے بازی کی گئی۔ یہ نعرے لگانے والے وہی ہیں جنہوں نے پہلے بھی نعرے لگانے کے بعد ججوں کی تختیاں توڑی تھیں پھر چیف جسٹس کے کمرے پر حملہ کیا تھا، یہ کیا معاملہ اور پلان ہے،عوام اور میڈیا ان سے جواب لے۔

عمران خان کے قانونی معاون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں احتساب کے لئے میری دعا بھی ہے اور کوشش بھی، ہم چاہتے ہیں کہ کرپشن کے خلاف اپوزیشن متحد ہوجائے لیکن کرپشن کے خلاف اگر ہم اکیلے بھی رہے تو احتساب کیلئے کوشش جاری رکھیں گے اور قوم بھی پاناما کے ملزموں کا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات