اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کی سیکرٹری جنرل اینجل گوریا کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات، پاکستان کو تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دی، وزیر خزانہ برطانیہ کے ادارہ انسداد بدعنوانی کے سربراہ سرایرک پکلز سے بھی ملے

جمعہ 9 دسمبر 2016 10:51

اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کی سیکرٹری جنرل اینجل گوریا کی وزیر خزانہ ..
اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کی سیکرٹری جنرل اینجل گوریا نے پاکستان کو تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کے قومی ایکشن پلان برائے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ میں فنی تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اینجل گوریا نے یہ بات پیرس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

وزیر خزانہ نے انہیں بتایا کہ ٹیکس امور میں او ای سی ڈی کے کنونشن برائے انتظامی امداد کی پاکستان کی کابینہ نے توثیق کر دی ہے جس پر انہوں نے 14 ستمبر 2015ء کو پیرس میں دستخط کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کابینہ نے وزیر خزانہ کو اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ میں پاکستان کی رکنیت کی بھی اجازت دی ہے، جس کے تحت انہوں نے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ میں شمولیت کیلئے فرانسیسی صدر فرانکوئس اولاندے کو اظہار آمادگی کا خط بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

تنظیم کی سیکرٹری جنرل نے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا، جو عالمی سطح کے فورم میں نمائندگی کیلئے پاکستان کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے برطانیہ کے انسداد بدعنوانی کے سربراہ سرایرک پکلز کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پارلیمنٹیرینز اور اور ٹیکس دہندگان کیلئے مسلسل تین سال تک جنرل ٹیکس ڈائریکٹری شائع کی۔ انہوں نے شفافیت اور گڈ گورننس کے متعلق بھی بات چیت کی۔ دریں اثناء یورپی اور بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ ڈینس سمونیو نے بھی پیرس میں پاکستان کے سفارتخانہ میں وزیر خزانہ سے ملاقات کی اور پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں اپنے کارپوریٹ گروپ کے تعاون کی پیشکش کی۔