جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ امور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جامع پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ڈی سی اوفیصل آباد

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:57

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)ڈی سی او سلمان غنی نے کہا ہے کہ جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ کے امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جامع پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔اس سلسلے میں منظم منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بات جنرل بس سٹینڈ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ‘ ایڈمن آفیسر / ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ ریاض حسین انجم‘ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی سی اورنے جنرل بس سٹینڈکے مختلف حصوں کا معائنہ کیااورخصوصی طور پر صفائی کی صورتحال اورمسافروں کے باتھ رومز کوچیک کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ کو فوری ٹھکانے لگانے اورنکاسی آب کا بہتر بندوبست کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو خوشگوار اورمنظم ماحول کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی و حفاظتی امور کو بہتر بنانے اورتمام مسافربسوں کی آمدواخراج کاریکارڈمرتب کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی سی او نے رات کے اوقات میں روشنی کا مناسب انتظام کرنے‘مشکوک افراد پر کڑی نظر اور سی سی ٹی وی کیمروں وسیکورٹی گارڈزکو فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ دکانوں پر کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ ساتھ صرف معیاری اشیاء ہی فروخت ہونی چاہئے۔انہوں نے گاڑیوں کی ورکشاپ کی صورتحال کی پڑتال کرتے ہوئے انہیں قواعدوضوابط کے دائرے میں لانے کی ہدایت کی اورکہا کہ جنرل بس سٹینڈ کے عقبی گیٹس پر سیکورٹی کا مناسب انتظام ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کی اوورلوڈنگ اوراوور چارجنگ کی حوصلہ شکنی کے لئے تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے اورہرسٹینڈ پر کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔انہوں نے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے کرایوں کی وصولی کے بارے میں دریافت کیا اورمتعلقہ افسران کو جنرل بس سٹینڈ کی بہتری اورجدت پیدا کرنے کے لئے فوری طور پر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔