وومن آن وہیلز پراجیکٹ اور تحفظ نسواں ایکٹ سے آگاہی کیلئے زرعی یونیورسٹی کے ایس ٹی سی ہال میں تھیٹر سٹیج کیا گیا۔

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:57

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ اوریونائٹیڈ نیشن وومن سٹریٹ تھیٹر پروگرام کے اشتراک سے وومن آن وہیلز پراجیکٹ اور تحفظ نسواں ایکٹ سے آگاہی کیلئے زرعی یونیورسٹی کے ایس ٹی سی ہال میں تھیٹر سٹیج کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے تعلیم، ملازمت اور دیگر گھریلو کاموں کی انجام دہی کے سلسلے میں آمد و رفت کے لئے خواتین کے موٹر سائیکل چلانے کی اہمیت پر سکرپٹ پیش کیا ۔

زرعی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء وطالبات بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تھیٹر پروفارمنس کے پہلے حصے میں وومن آن وہیلزکے بارے میں جبکہ سٹیج پروفارمنس کے دوسرے حصے میں خواتین کیخلاف تشدد اوران کے تحفظ وقانون سازی کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

سپیشل مانیٹرنگ یونٹ چیف منسٹر آفس کے نمائندہ نے بتایا کہ سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں خواتین ار مردوں کو وومن آن وہیلز اور خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی دی جارہی ہے اور یونیورسٹیز سمیت عوامی مقامات پر تھیٹر پروگرامز کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کا موٹر سائیکل چلانا معاشرے میں اہم مثبت تبدیلی ہے جس کا مقصد خواتین کو مردوں کے ہم پلہ خود انصار بنا کر ترقی کی رفتار تیز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے تحفظ و ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں تحفظ نسواں ایکٹ اور دیگر قانون سازی کے علاوہ وومن آن وہیلز بھی اہم قدم ہے ۔زرعی یونیورسٹی کی طالبات نے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے وومن آن ویل پراجیکٹ اور خواتین پر تشدد کیخلاف قانون سازی کے اقدام کو سراہااورکہا کہ اس اقدام سے صنفی امتیاز کا خاتمہ ہو گا اور ترقی کے نئے کلچر کو فروغ ملے گا ۔