فوجی چھائونیاں بھی شہروں کی طرح خوبصورت بنائی جا رہی ہیں،مظفر سید ایڈوکیٹ

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:56

پشاور۔08دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ علاقے محض فوجی چھائونیاں ہی نہیں بلکہ شہروں کے خوبصورت اور لازمی حصے بن چکے ہیں جہاں ہمارے سویلین اکثریتی شہری بھی رہائش کو ترجیح دیتے ہیں اس لئے صوبائی حکومت ان کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈز کے ساتھ حتیٰ الوسع مگر مخلصانہ تعاون جاری رکھے گی۔

وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ رسالپور کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر رسالپور کینٹ بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عذرا بخت اور ممبر سید ندیم شاہ ٹیپو مشوانی نے رسالپور چھاونی کی خوبصورتی اور صحت و صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے بورڈانتظامیہ کے ا قدامات کے علاوہ بعض مسائل و مشکلات سے انہیں آگاہ کیااور ان کے حل میں تعاون کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ اور سپیشل سیکرٹری محمد ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر خزانہ نے ان معروضات کے مناسب ازالے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت امتیازات سے بالا تر ہو کر صوبے کے تمام شہروں بلکہ گوشے گوشے کی متوازن ترقی یقینی بناناچاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور کینٹ کے اندر خستہ حالی کا شکار پانچ بڑی سڑکوں کی تعمیر ہمارے اخلاص کا منہ بولتا ثبوت ہے حالانکہ صوبائی حکومت کے مالی وسائل بھی محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینٹ ایریاز کی صفائی اور خوبصورتی ملحقہ شہروں کی میونسپل انتظامیہ کے لئے بھی مثال بن جاتی ہے اور اس طرح کینٹ بورڈز اور میونسپل کمیٹیوں کے مابین شہری خدمات کی بہتری کے حوالے سے مقابلے کا رجحان پروان چڑھتا ہے جس کی ہر جانب سے حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔مظفر سید ایڈوکیٹ نے کینٹ بورڈز رسالپور کے محصول چونگی بقایاجات سے متعلق درخواست پر تجویز دی کہ صوبے کے تمام کینٹ بورڈز اس سلسلے میں اجلاس کر کے مشترکہ کیس بنائیں تاکہ صوبائی حکومت وفاق کی معاونت و مشاورت سے یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کرے۔انہوں نے سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد ادریس مروت کو اس مقصد کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا۔