بدعنوانی کی لعنت معاشرے میں سرایت کرچکی ہے،محمد خان اچکزئی

بدعنوانی کے حوالے سے لوگوں کے ذہن تبدیل کیے جائیں، گورنر بلوچستان

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک ایسی لعنت ہے جو ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکی ہے اور اس سے ہماری اجتماعی زندگی ہر سطح پر متاثر ہورہی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ بدعنوانی کے حوالے سے لوگوں کے ذہن کو تبدیل کیا جائے۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور معاشرے کی جانب سے اس کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ صورتحال مزید گھمبیر ہوسکتی ہے۔

لوگوں میں قومی وقار، عظمت اور آزادی کا احساس اجاگر کرنے اور انہیں اس کے ثمرات سے مستفیدکرنے کے لئے میڈیا کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ایک متحرک میڈیا کے ذریعے ہی قومی اہداف کا حصول اور مثبت اقدار کا بہتر انداز میں حصول ممکن ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے یہ ملک حاصل کیا ہے اور میڈیا وہ مؤثر ذریعہ ہے جس سے لوگوں کے رویوں میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

اگرچہ بدعنوانی ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے اس کے باوجود ہمارے سماجی اقدار میں آج بھی اتنی قوت وصلاحیت موجود ہے جس کے ذریعے ہم بدعنوانی، رشوت ستانی اور منفی رویں کا مؤثر انداز میں خاتمہ کرسکتے ہیں۔ اس کے لئے اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت بدعنوانی کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے کئی ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔

اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لئے مؤثر کاروائی کی ضرورت ہے جس کے لئے معلومات تک رسائی اور ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اچھی حکومت کے قیام اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے سول سوسائٹی کا ٰمؤثر تعاون بنیادی شرط ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک وقوم کا مثبت تاثر قائم کرنے کے لئے ہمیں ایک مؤثر ومربوط حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی تاکہ بیرونی اور قومی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جاسکے۔ آئیے ہم مل کر عہد کریں کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک شفاف اور بدعنوانی سے پاک مستقبل دیں گی

متعلقہ عنوان :