حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، فاروق ستار

شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت حق پرستانہ تحریک اپنی منزل پر ضرور پہنچے گی، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:50

حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، فاروق ستار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اورکہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت حق پرستانہ تحریک اپنی منزل پر ضرور پہنچے گی ۔ 9، دسمبر یوم شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ اور کرپٹ نظام کے خاتمے اور غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کیلئے شروع دن سے ہی عملی جدوجہد کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی اس جدوجہد سے خائف اور خوفزدہ قوتوں نے ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کو حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھنے کیلئے ہر ممکن ہتھکنڈے ، سازشیں اور منصوبے بنائے یہاں تک کے قتل و غارتگری کے بڑے واقعات اور سانحات بھی کرائے گئے لیکن الحمد اللہ حق پرست شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانہ دینا قبول کرلئے مگر باطل اور ظالم قوتوں کے آگے سر نگوں نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حق پرستی کی تحریک میں شامل ایک ایک شہید کا لہو قوم کی امانت ہے اور انشاء اللہ شہداء کے لہو کے صدقے ایم کیوایم اپنے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں کامیاب ہوگی ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم پاکستان کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ یوم شہداء کے موقع پر حق پرست شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی کے اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد کریں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حق پرست شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔