واپڈا اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے متاثرین کے درمیان اراضی کی تحویل، انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے اتفاقِ رائے ہوگیا

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:44

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) واپڈا اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے متاثرین کے درمیان منصوبے کیلئے اراضی کی تحویل، پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے اتفاقِ رائے ہوگیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے ساتھ منصوبے کی بلاتعطل اور تیز رفتار تعمیر ممکن ہوجائے گی۔ یہ اتفاقِ رائے فر یقین کے مابین دو ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں حاصل ہوا۔

اس اتفاقِ رائے کو تحریری شکل بھی دی جاچکی ہے۔ مذکورہ پس منظر میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے گزشتہ روزداسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ ڈیم سائٹ پر گئے، علاوہ ازیں انہوں نے دریا کے دائیں کنارے زیرتعمیر سڑک اور پراجیکٹ ایریا کے اُس حصے کا بھی دورہ کیا، جہاں منصوبہ تعمیر کرنے کی وجہ سے شاہراہ قراقرم کو ازسرِنو تعمیر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا نے مقامی عمائدین اور پراجیکٹ متاثرین کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زمین کی تحویل کے حوالے سے طے پانے والے اتفاقِ رائے کیلئے تمام متعلقہ فریقین کے جذبہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہ صرف ملکی اقتصادیات کیلئے اہم منصوبہ ہے بلکہ اس کی تعمیر سے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی زبردست سماجی اور اقتصادی ترقی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے سے اس منصوبہ کی تیزتر تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ متاثرین کو اراضی اور دیگر املاک کی قیمت ادا کرنے کے علاوہ علاقے میں تعلیم، صحتِ عامہ، بجلی ،مقامی لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 56 ارب روپے سے زائد رقم بھی مختص کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :